وہ موبائل ایپ جسے آپ صرف اپنے موبائل فون میں ڈال لیں تو پیسے ملنا شروع ہوجائیں گے، بیروزگاروں کے لئے سب سے بڑی خوشخبری آگئی
نیویارک(نیوز ڈیسک)واٹس ایپ سے زیادہ مقبولیت رکھنے والی شاید ہی دنیا میں کوئی اور ایپ ہو۔ بہت سے لوگ ایسا سوچتے ہیں، لیکن اگر آپ بھی یہی سمجھتے ہیں تو شاید آپ نے ابھی تک سویٹ کوئن (SweatCoin) ایپ کے بارے میں نہیں سنا۔ یہ نئی ایپ اتنی تیزی سے مقبول ہورہی ہے کہ واٹس ایپ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، اور کیوں نا ہو؟دراصل یہ ایپ صارفین کو صحت مند رکھنے کے لئے بنائی گئی ہے لیکن ساتھ ہی یہ رقم کمانے کا بھی آسان ترین ذریعہ ثابت ہو رہی ہے۔ اس کا طریقہ کار حیران کن حد تک موثر ہے کیونکہ یہ صارفین کو پیدل چلنے کے بدلے رقم ادا کرتی ہے۔
میل آن لائن کے مطابق 2016ءمیں متعارف کروائی گئی اس ایپ کے ہفتہ وار ایکٹو صارفین کی تعداد 20لاکھ سے زائد ہوچکی ہے۔ یہ ایپ صارفین کو ڈیجیٹل کرنسی کی شکل میں ادائیگی کرتی ہے، جسے دنیا بھر میں 300 سے زائد سٹورز پر خرچ کیا جا سکتا ہے، جن میں BOOHOO.COM، Graze اور ہیلی فریش بھی شامل ہیں۔ اگر آپ 1000 قدم اُٹھاتے ہیں تو اس کے بدلے آپ کو 0.95 ’سویٹ کوئن‘ ملتے ہیں۔ یہ کوئن ایپ پر موجود آپ کے اکاﺅنٹ میں جمع ہوتے رہتے ہیں اور انہیں آپ لائن خریداری کے لئے بھی استعمال کرسکتے ہیں۔
متعدد بڑے سرمایہ کار اب تک اس ایپ کو 40 لاکھ پاﺅنڈ (تقریباً 60 کروڑ پاکستانی روپے) سے زائد رقم دے چکے ہیں۔ اس وقت یہ ایپ برطانیہ، آئرلینڈ اور امریکہ میں استعمال ہورہی ہے جبکہ اس کے تیزی سے بڑھتے ہوئے مالی وسائل کے ساتھ ہی اسے یورپ اور افریقہ میں بھی متعارف کروانے کی تیاری کی جارہی ہے۔