بحرین میں پاکستانی سفیر کی وزیر خارجہ شیخ خالد بن احمد الخلیفہ سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (این این آئی)بحرین میں پاکستان کے سفیر جاوید ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کاروباری، تجارتی اور سرمایہ کاری کیلئے بحرین اور خلیجی ممالک سے تعلق رکھنے والے تاجروں کیلئے شاندار مواقع فراہم کرتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے بحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد بن احمد الخلیفہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں پاک بحرین دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ بحرین کے وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط کرنے کیلئے جاوید ملک کی گرانقدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بحرین پاکستان کیساتھ اپنے مضبوط برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ شیخ خالد الخلیفہ نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان جس میں انہوں نے پاک بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کی صدارت کی تھی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کی وزارتی سطح پر تجدید اور استحکام اس دورہ کا ایک اہم اقدام تھا۔ پاکستانی سفیر جاوید ملک نے بحرین کے وزیر خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت میں ہم آہنگی موجود ہے جو بحرین کے شاہ اور پاکستان کے وزیراعظم کے درمیان 2015ء میں بحرین میں ایک ملاقات میں پروان چڑھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کاروباری، تجارتی اور سرمایہ کاری کیلئے بحرین اور خلیجی ممالک سے تعلق رکھنے والے تاجروں کیلئے شاندار مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں ان تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔