’’ ڈبی سیاستدان‘‘ شہباز شریف سے استعفیٰ نہیں لے سکتے ،نوازشریف کی وکلاءراہنماﺅں سے گفتگو

’’ ڈبی سیاستدان‘‘ شہباز شریف سے استعفیٰ نہیں لے سکتے ،نوازشریف کی ...
’’ ڈبی سیاستدان‘‘ شہباز شریف سے استعفیٰ نہیں لے سکتے ،نوازشریف کی وکلاءراہنماﺅں سے گفتگو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نامہ نگارخصوصی)سابق وزیراعظم میاں محمدنواز شریف نے عدلیہ سے متعلق اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے سے انکار کر دیا، پاکستان بار کونسل کے رکن اعظم نذیر تارڑ اور سپریم کورٹ بار کے سابق صدریاسین آزاد سے اپنی رہائش گاہ جاتی امرا میں گفتگو کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ کوئی بھی پاکستانی سپریم کورٹ کے پاناما فیصلے پر اعتبار نہیں کر رہا۔یاسین آزاد نے میاں نوازشریف کو جمہوریت پسند وکلاءکی طرف سے کراچی کے دورہ کی دعوت دی جو میاں نوازشریف نے قبول کرلی اور وہ فروری کے پہلے ہفتے میں کراچی کادورہ کریں گے ۔

سابق وزیراعظم نے بھرپور انداز میں تحریک عدل چلانے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال اور عدالتی فیصلوں سمیت مختلف امور زیر بحث آئے، اس موقع پرمیاں محمدنواز شریف نے کہا کہ عدلیہ کے غلط فیصلوں پر تنقید عوام اور سیاست دانوں کا حق ہے، پاناماکیس میں سپریم کورٹ نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا جس کی وجہ سے وہ عدالتی فیصلوں کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، کوئی غیر جانبدار وکیل عدلیہ کے ایسے فیصلوں کو تسلیم نہیں کرتا۔ ملک کی سب سے بڑی عدلیہ اپنے فیصلے کو مثالی گردانتی ہے لیکن مستقبل میں یہی جج صاحبان کہیں گے کہ ایسے فیصلے مثال نہیں بن سکتے۔

نواز شریف نے واضح کیا کہ وہ کسی صورت اس تحریک سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،پاکستان عوامی تحریک سمیت 17جنوری کو سیاسی جماعتوں کے لاہور میں احتجاجی جلسے پر بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ڈبی سیاست دانوں کا 17جنوری کو لاہور میں ہونے والا شو فلاپ ہوگیا ، مخالفین حتی الامکان کوشش کر لیں لیکن شہباز شریف کو لوگوں کے دلوں سے نہیں نکال سکتے اورنہ ہی ان کا استعفیٰ لے سکتے ہیں ،ان لوگوںکے ناپاک عزائم پنجاب حکومت کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے، انہوں نے مزید کہا کہ عام انتخابات اور سینٹ الیکشن بروقت ہوں گے۔ مخالفین کے دلوں میں شکست کا خوف ہے اور وہ سینیٹ اور عام انتخابات کو رکوانے کے لئے سازشیں کر رہے ہیں۔ وکلاءنے نواز شریف کوان کے اصولی موقف کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

مزید :

قومی -