ناقص دیسی گھی اور کا سمیٹکس بنانیوالی فیکٹریوں پر چھاپے ،بھاری مقدار میں تیار سامان ضبط

ناقص دیسی گھی اور کا سمیٹکس بنانیوالی فیکٹریوں پر چھاپے ،بھاری مقدار میں ...

  

 

لاہور ( جنرل رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ڈیری سیفٹی ٹیموں نے 2019کے جاری کردہ سیمپلنگ شیڈول کے مطابق صوبہ بھر میں دیسی گھی پروڈکشن یونٹس کی چیکنگ کی۔77 پروڈکشن یونٹس کی چیکنگ کے دوران ناقص انتظامات پر2سیل، 5کو جرمانے جبکہ حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر62 کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔تفصیلات کے مطابق لاہور زون میں 35،راولپنڈی زون میں28جبکہ جنوبی پنجا ب میں14 مقامات کا معائنہ کیا گیا۔ڈی جی فوڈاتھارٹی کا کہنا تھا کہ سیل کیے گئے یونٹس دیسی گھی میں بناسپتی گھی اور مصنوعی فلیور کی ملاوٹ کرتے پائے گئے ۔ڈیری سیفٹی ٹیموں کی جانب سے12یونٹس کے نمونے حاصل کرتے ہوئے مزید تجزیے کیلئے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔ مزید برآں 9پروڈکشن یونٹس کے لائسنس بھی اپلائی کروائے گئے۔سالانہ چیکنگ شیڈول کے مطابق دیسی گھی پروڈکشن یونٹس کو سال میں 3مرتبہ چیک کیا جائے گا۔مسلسل نگرانی کے ساتھ ساتھ تمام برانڈز کا لیبارٹری تجزیہ کروا کر نتائج جاری کیے جائیں گے۔ کیپٹن(ر)محمد عثمان کا مزید کہنا تھا کہ سالانہ چیکنگ شیڈول کے علاوہ تمام برانڈز کے تیار کردہ دیسی گھی کی سرپرائز چیکنگ بھی کی جاتی ہے۔دریں اثناء ضلعی انتظامیہ نے قطار بند روڈ ٹھوکر نیاز بیگ میں مختلف کمپنیوں کی دو نمبر پروڈکٹس بنانے والی لیڈر کاسمیٹکس فیکٹری پرچھاپہ مارا ۔چیکنگ کے دوران معلوم ہوا کہ فیکٹری میں رجسٹرڈ نیشنل و انٹرنیشنل کمپنیوں کی ہیر آئل کریم اور ادویات کی دو نمبر پروڈکٹس بنائی جارہی تھیں۔کارروائی ڈرگ کنٹرولر لاہور شوکت وہاب کی نگرانی میں کی گئی،بڑی مقدار میں دو نمبر پروڈکٹس کی تیاری پکڑے جانے پر ڈی سی لاہور صالحہ سعید بھی موقع پر پہنچ گئیں۔اس موقع پر ڈی سی لاہور صالحہ سعید نے افسران کو ہدایت کی کہ فیکٹری کے مالک سمیت ذمہ داران کے خلاف مقدمہ درج کر وایا جائے اورتمام پروڈکٹس کو ضبط کر کے فیکٹری کو سیل کیا جائے۔

چھاپے

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -