جنرل ہسپتال کی طالبات کی نرسنگ کے امتحانات میں پہلی اور دوسری پوزیشن

جنرل ہسپتال کی طالبات کی نرسنگ کے امتحانات میں پہلی اور دوسری پوزیشن

  

لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب نرسنگ بورڈ کے سالانہ امتحانات میں نرسنگ کالج لاہور جنرل ہسپتال فرسٹ ائیر کی 2طالبات نے صوبے بھر میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرکے ادارے کی شہرت کو چار چاند لگا دیے ہیں ۔ نرسنگ طالبات ثناء عارف 698نمبر لے کر فرسٹ اور رضوانہ بی بی687نمبروں کے ساتھ سیکنڈ پوزیشن پر رہیں۔پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر محمد طیب نے ان سالانہ امتحانات میں صوبے بھر میں پہلی 2پوزیشنیں حاصل کرنے پر نرسنگ کالج ایل جی ایچ کی پرنسپل رضیہ بانو ،فیکلٹی ممبران اور ان ہونہار طالبات کو اس شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان بچیوں نے اپنے کالج کا نام پنجاب بھر میں سر بلند کیا ہے جو دیگر اداروں کیلئے بھی باعث تقلید اور روشن مثال ہے۔

،اسی طرح ان طالبات نے محنت کر کے اپنا اور اپنے والدین کیلئے بھی باعث فخر اقدام کیا ہے،پرنسپل پروفیسر محمد طیب نے امید ظاہر کی کہ یہ نرسنگ کالج اپنی موجودہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے لاہور جنرل ہسپتال کی طالبات کیلئے مستقبل میں بھی نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں میں اسی طرح کامیابیاں سمیٹتا رہے گا۔پرنسپل پروفیسر محمد طیب نے اعلان کیا کہ صوبے بھر کے 45 نرسنگ سکولوں میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی نرسنگ کالج لاہور جنرل ہسپتال کی طالبات کو نقد انعام اور خصوصی تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازا جائے گا۔

جنرل ہسپتال

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -