سیاحت کوفروغ دینے کیلئے نجی شعبہ کے تحفظات دور کریں گے ، یاسر ہمایوں سرفراز

سیاحت کوفروغ دینے کیلئے نجی شعبہ کے تحفظات دور کریں گے ، یاسر ہمایوں سرفراز

  

لاہور( لیڈی رپورٹر) وزیر سیاحت پنجاب راجہ یاسر ہمایوں سرفراز کی زیر صدارت پنجاب میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری سیاحت ندیم محبوب، ایم ڈی ٹی ڈی سی پی احمر ملک ، سیاحت کے شعبہ سے وابسطہ افراد اور پرائیویٹ ٹور آپریٹرز نے شرکت کی۔اجلاس میں سیاحت کے فروغ کے لئے نجی شعبہ کے تعاون اور حکومتی پالیسی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر کو شرکاء نے سیاحت کی ترقی میں حائل رکاوٹوں اور تحفظات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت نجی شعبہ کے تحفظات دور کرے گی۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ سیاحتی پالیسی متعارف کروائی جا رہی ہے۔ غیر ملکی سیاحوں کی پاکستان آمد کے بعد ایک مرتبہ رجسٹریشن کے لئے محکمہ داخلہ سے بات کریں گے۔ ٹور آپریٹرز کی سہولت کے لئے ون ونڈو آپریشن شروع کرنے پر بھی کام ہورہا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان پاکستان میں سیاحت کے فروغ سے متعلق پر امید ہیں۔ وفاقی اور صوبائی سطح پر سیاحت کے حوالے سے ٹاسک فورسز بنائی گئی ہیں۔انکا کہنا تھا کہ متعلقہ وزارتوں سے بات کر کے سیاحت کی ترقی میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں گے، پنجاب تاریخی ، ثقافتی اور قدرتی خوبصورتی کے لحاظ سے غیر ملکی سیاحوں کی پسندیدہ جگہ ہے۔ محکمہ سیاحت پنجاب کے دس اضلاع میں سیاحت کے فروغ کے لئے منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

وزیر سیاحت