بھارتی فلم’’ فراڈ سیاں ‘‘ سنسر، رواں آج سنیماؤں کی زینت بنے گی

لاہور(فلم رپورٹر)طنز و مزاح ، دلچسپ کہانی اور ہٹ میوزک سے سجی بالی ووڈ کی نئی فیملی ڈرامہ فلم ’’ فراڈ سیاں ‘‘ کو وفاقی سنسر بورڈ کے ساتھ ساتھ پنجاب اور سندھ کے سنسر بورڈز نے عام نمائش کا سرٹیفیکیٹ جاری کردیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق فلم کو گذشتہ روز لاہور میں سنسر سکریننگ کیلئے پیش کیا گیا جسے بورڈ اراکین نے بغیر کسی اعتراض اورکٹ کے عام نمائش کی اجازت دے دی۔ ’’ فراڈ سیاں ‘‘ پاکستانی فنکارہ سارہ لورین کی بالی ووڈ کی کم بیک فلم ہے جس میں ان کے مد مقابل مرکزی کردار کامیڈی سٹار ارشد وارثی نے نبھایا ہے ۔ فلم کی کہانی ایک ایسے دھوکے باز شخص کے گرد گھومتی ہے جو الگ الگ شہروں میں لڑکیوں سے محبت کا ڈرامہ رچانے اور شادی کے بعد انہیں لوٹ کر رفو چکر ہوجاتا ہے تاہم جب سارہ لورین اس کی زندگی میں آتی ہے تو اس کی کوئی تدبیر کارگر ثابت نہیں ہوتی۔ فلم میں ارشد وارثی اور سارہ لورین کی اداکاری لاجواب ہے جبکہ فلم چائنہ گیٹ میں شامل ہٹ آئٹم سونگ ’’ چھما ں چھماں ‘‘ کا ری میکس ورژن بھی شامل ہے جس نے فلم کے میوزک کوچار چاند لگا دئیے ہیں ۔ تجزیہ نگاروں کے مطابق ’ ’ فراڈ سیاں ‘‘ معیاری فلموں کے شائقین کو بھرپور تفریح فراہم کرتے ہوئے نئے سال کا گفٹ ثابت ہوگی ۔فراڈ سیاں کو راج نیتی ، گنگا جل ، اپہارن سمیت دیگر مقبول فلمیں بنانے والے معروف ڈائریکٹر پرکاش جھا نے اپنے بینر تلے پروڈیوس کیا ہے ۔