انضمام الحق کی رہنمائی میں شاہینوں کی پورٹ الزبتھ میں پریکٹس
پورٹ الزبتھ(فہیم شبیرسے)جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کے پہلے میچ کے لیے قومی ون ڈے سکواڈ نے چیف سلیکٹر انضمام الحق کی رہنمائی میں پریکٹس کی ہے۔ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کی خفت اٹھانے کے بعد پاکستان ون ڈے سیریز کا پر اعتماد آغاز کرنے کا خواہاں ہے، گرین شرٹس نے گزشتہ روز ہی پورٹ الزبتھ میں ڈیرے ڈال دیئے تھے جہاں پہلا ایک روزہ میچ ہفتے کو شروع ہوگا، محدود اوورز کی کرکٹ کے لییعماد وسیم، حسین طلعت،شعیب ملک، محمد حفیظ اور عثمان شنواری کی صورت میں تازہ کمک بھی پہنچ چکی ہے۔ٹیسٹ کے بعد ون ڈے اسکواڈ میں شامل کپتان سرفراز احمد، فخرزمان، امام الحق، شان مسعود، بابر اعظم، محمد رضوان، شاداب خان، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر اور شاہین شاہ آفریدی پہلے جنوبی افریقا میں تھے، پورٹ الزبتھ پہنچ کر پہلے روز آرام کرنے والے مہمان کرکٹرز نے پریکٹس کا آغاز کردیا، اس دوران کوچنگ اسٹاف کے ساتھ پاکستان سے خصوصی طور پر جنوبی افریقہ آنے والے چیف سلیکٹرز انضمام الحق بھی میدان میں موجود اور کھلاڑیوں کی رہنمائی کرتے رہے۔یاد رہے عام طور پر سلیکشن کمیٹی کے ارکان ٹیمیں منتخب کرنے کے بعد بیرون ملک دوروں پر نہیں جاتے لیکن انضمام الحق ورلڈ کپ سکواڈ کے بارے میں کوچ اور کپتان سے مشاورت کی ’’ضرورت‘‘ پیدا کرتے ہوئے پاکستان سے روانہ ہوگئے تھے۔گرین شرٹس کو ٹیسٹ سیریز میں عبرتناک شکست کے بعد اب ون ڈے سیریز میں پروٹیز کا چیلنج درپیش ہو گا۔ پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں پروٹیز کے ہاتھوں 3-0 سے وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا۔دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ون ڈے سیریز میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ شائقین کرکٹ کو اچھے میچ دیکھنے کا موقع ملے گا اور دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز انتہائی سخت اور کانٹے دار ہوگی۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کا پہلا میچ کل ہفتہ کو پورٹ الزبتھ میں کھیلا جائیگا۔
، دوسرا میچ 22 جنوری کو ڈربن میں کھیلا جائیگا، تیسرا میچ 25 جنوری کو سنچورین میں کھیلا جائیگا، چوتھا میچ 27 جنوری کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائیگا جبکہ پانچواں اور آخری میچ 30 جنوری کو کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔