ورلڈ کپ میں ہم کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتے ہیں:عثمان شنواری

لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی فاسٹ بالر عثمان خان شنواری کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں قومی سکواڈ کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور سفید بال کی کرکٹ میں گرین شرٹس کو کسی بھی ٹیم سے کمتر نہیں کہا جا سکتا جن کی عالمی کرکٹ میں اپنی ایک اہمیت ہے۔ایک انٹرویو میں عثمان شنواری کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں بہت زیادہ فرق ہے اور دیکھا جائے تو قومی ٹیم کے پاس مختصر فارمیٹ کی کرکٹ کے لیے موثر بیٹسمین،عمدہ آل رانڈرز اور بہترین فاسٹ بالرز موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کی فاتح ٹیم ورلڈ کپ میں بھی یہی کارنامہ دہرا سکتی ہے کیوں کہ انگلش کنڈیشنز میں کھیلنے کا اسے تجربہ بھی ہے۔ رواں سال ہونے والا میگا ایونٹ آسان نہیں ہوگا اور انگلش میدانوں پر عالمی کرکٹ کی مضبوط ترین ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کی جنگ لڑیں گی لیکن یقین ہے کہ دستیاب صلاحیت کے ساتھ پاکستانی ٹیم کوئی بھی سرپرائز کر سکتی ہے۔آسٹریلین ایونٹ بگ بیش لیگ میں کھیلنے والے قومی پیسر کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں مایوس کن کارکردگی کی اہم ترین وجہ مشکل کنڈیشنز تھیں جن سے ہم آہنگی کیلئے پاکستانی کھلاڑیوں کو مناسب وقت بھی نہیں مل سکا جبکہ بعض پلیئرز کی انجریز کی وجہ سے بھی مشکلات میں اضافہ ہوا۔پروٹیز کے خلاف رواں ہفتے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے قومی ٹیم میں شامل عثمان شنواری کا کہنا تھا کہ مستقبل میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ جیسی ٹیموں کا مقابلہ کرنے کیلئے پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کا ڈھانچہ تبدیل کرنا ہوگا جو کافی بہتر تو ہے لیکن اس میں بعض سہولیات ناپید ہیں جو آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک میں پلیئرز کو فراہم کی جاتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک بہتر کارکردگی کے لیے ملکی کرکٹ کو مقابلے سے بھرپور بنانے کی ضرورت اب بہت زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔