ہاہا ہی ہی۔۔۔۔۔۔ہو ہو ہوہو

آؤ بچو عقل کے کچو
دھن کے پکو
قوم کے چھوٹے موٹے
بل بتوڑو
گھگو گھوڑو
قوم کے بچو۔۔۔۔۔۔
آؤ ہم بھی یوٹرن کھیلیں
شرم اور ڈھٹائی کے
جھولے لے لیں
میں بھی لے لوں، تم بھی لے لو
بولو چاہے جتنا مرضی
ہنس کر سب کچھ واپس لے لو
تو بھی لٹیرا یہ بھی ڈاکو
ملک کا دشمن
غنڈہ موالی
پھرجب وقت بدل سا جائے
نیب ڈرائے
جیل بلائے
یا پھر اقتدار کی نیاّ
اونچے نیچے ہچکولے کھائے
مت گھبراؤ
نہ شرماؤ
سکرین پہ آؤ
سب کو بلاؤ
قوم کی خاطر
ملک کی خاطر
اور غریب عوام کی خاطر
جو بھی سناُ ہو
جو بھی کہا ہو
واپس لے لو
ہنس کے پھر تم
اپنے عدو سے
سیاسی دشمن
بالکا بدھو سے
جھپی ڈالو
اور پکارو
آؤ بچائیں اس دھرتی کو
آؤبچائیں قوم کو اپنی
لیکن سچ یہ ظاہر نہ ہو
جو ہے دل میں باہر نہ ہو
ملک قوم اور یہ دھرتی
جائے بھاڑ میں
ہاں اس کی آڑ میں
بنگلے ہمارے بچے ہمارے
رہیں سلامت
اور اکاؤنٹس ہمارے
رہیں دمکتے
ننگ بھوک کی تاریکی میں
ماتھے ہمارے رہیں چمکتے
ہم مالک اس دھرتی کے ہیں
ہم خالق اس دھرتی کے ہیں
ہم جو چاہیں
کر کے دکھائیں
نظام کی پھیلی ہتھیلی پہ جھوٹ سچ کی سرسوں جمائیں
ہم جو چاہیں
مرتے گرتے اور تڑپتے
اس مخلوق کی چھاتی پر
جشن منائیں
شور مچائیں
ہم ہیں غریب عوام کے سیوک
اس دھرتی کے سچے سیوک
قائدِجمہوریت، سب پہ بھاری
خادم اعلیِٰ،خدمت سے عاری
رہے سلامت ہیرو کیپٹن
یوٹرن کے ہیں سارے چمیپئن
قوم بھوکی مرتی رہے گی
جھوٹ کی نیاّ چلتی رہے گی
ہا ہا ہی ہی
ہو ہو ہو ہو