یکم فروری سے فینسی اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کی رجسٹریشن بک قبضہ میں لے لی جائیگی،سی ٹی او

یکم فروری سے فینسی اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کی رجسٹریشن بک قبضہ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (کر ائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس نے فینسی نمبر پلیٹس،بغیر نمبر پلیٹس،غیر نمونہ نمبر پلیٹس لگانے والی گاڑیوں،موٹر سائیکلوں،رکشوں کیخلاف کارروائی سے پہلے مزید آگاہی دینے کیلئے کریک ڈاؤن کی تاریخ میں توسیع کر دی ، چیف ٹریفک آفیسر لاہور کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک نے کہاکہ جعلی نمبر پلیٹس اور گرین نمبر پلیٹس کا غلط استعمال کرنے والوں کیخلاف جعلی سازی کے مقدمات درج کروائے جائیں گے،یکم فروری سے فینسی اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس پر شہریوں سے گاڑیوں کی رجسٹریشن بک کو قبضہ میں لیا جائیگا ۔
جبکہ کاغذات اصل نمبر پلیٹ دیکھانے پر شہریوں کے حوالے کئے جائیں گے۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پرناکے لگائے جائیں گے، شہریوں کو درست اور واضح نمبر پلیٹ کے استعمال بارے آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔ سکول و کالجز ،بس اڈاوں،اسٹینڈز پرغیر نمونہ نمبر پلیٹس کی روک تھام کیلئے ٹریفک لیکچرز بھی دیئے جارہے ہیں، پبلک ایڈریس سسٹم ،سوشل میڈیا،الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیاکے ذریعے بھی شہریوں کو زیادہ سے زیادہ آگاہی دی جا رہی ہے۔چیف ٹریفک آفیسر لاہورکیپٹن(ر)لیاقت علی ملک نے کہاکہ فینسی نمبر پلیٹس تیار کرنے والوں کوآگاہی دیتے ہوئے وارننگ دی جارہی ہے، قانون شکنی کیصورت میں ایسے افراد کو بھی قانون کے دائرہ میں لایا جائیگا۔شہری پریشانی سے بچنے کیلئے محکمہ ایکسائز سے جاری شدہ نمبر پلیٹس ہی کا استعمال کریں،کاروائی کے دوران کسی قسم کا کوئی عذر قبول نہیں کیا جائیگا۔

مزید :

علاقائی -