ہمارا پاکستان سے باہر ایک ٹکے کا کاروبار نہیں،فواد چوہدری
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جہاں ، جہاں جس کا مفاد ہے وہ اس ملک میں بھاگنا چاہتا ہے۔ جن کے کاروبار باہر ہیں وہ وہاں جانا چاہتے ہیں اور ہمارا پاکستان سے باہر ایک ٹکے کا کاروبار نہیں ہے۔ ہمارا مفاد پاکستان میں ہے ہمیں پاکستان کو سنوارنا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جس کا جہاں مفاد ہو گا وہ وہاں پر بھاگے گا اور وزیر اعظم نے تو صرف یہ کہا ہے کہ بہت سارے لوگوں کے دل باہر کیوں دھڑکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے جیسے لوگ جن کا پاکستان سے باہر ایک ٹکے کا بھی کاروبار نہیں تو ظاہر ہے ان لوگوں کا مفاد پاکستان میں ہے اور جن کا مفاد باہر ہے وہ باہر جانا چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں پاکستان کو اٹھائیں جہاں ہم نے ہمیشہ رہنا ہے ، جہاں ہمارے دادا، پردادا کی قبریں ہیں اور جہاں ہماری قبریں ہونی ہیں۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے چیف جسٹس ثاقب نثار نے آئین کی بالادستی اور قانون کی عملداری کو تحریک کی شکل دی، پہلی بار طاقتور کو کٹہرے میں جوابدہی کے عمل سے گزرنا پڑا، ان کے عظیم مقصد کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ جمعرات کو فواد چوہدری کا چیف جسٹس ثاقب نثار کے سبکدوش ہونے کے موقع پر اپنے پیغام میں مزید کہنا تھا انہوں نے اپنے اقدامات سے عوام کی بے بسی کو ختم ،عدلیہ پر عوام کا اعتماد مضبوط، ڈیموں کی تعمیر کا عظیم مشن شروع کیا،ہم ان کا عظیم مقصد پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔