وفاقی کابینہ نے مراد شاہ اور بلاول کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دیدی

وفاقی کابینہ نے مراد شاہ اور بلاول کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دیدی

  

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی حکومت نے پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دے دی۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں بلاول بھٹو زرداری اور مراد علی شاہ کے نام ای سی ایل سے نکالنے پر غور کیا گیا۔وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے وفاقی کابینہ کو سپریم کورٹ کے تحریری فیصلے کے قانونی نکات پر بریفنگ دی۔ وزیر قانون کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنانا آئینی ذمہ داری تھی اس لئے اس کو تمام آئینی نقطہ نظر سے پورا کرتے ہوئے نام نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس سے قبل 17 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا تھا جس کے مطابق وفاقی کابینہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین کے تقرر کی منظوری دینا تھی جب کہ کابینہ اجلاس میں ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں موجود نام نکالنے کے حوالے سے بھی غور کیا جانا تھا۔اجلاس میں برطانیہ میں کیس لڑنے کیلئے قانونی ماہر کے اخراجات کی کابینہ سے منظوری لینے سے متعلق بھی بات کی گئی جبکہ سیمنٹ انڈسٹری میں سپلائی اور ڈیمانڈ اور قیمتوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیراعظم کے مشیر شہزاد کبر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاثر دینا کہ ایون فیلڈ میں کچھ نہیں تھا یہ بات غلط ہے، نوازشریف اور مریم نواز سے متعلق کیس اپنی جگہ موجود ہے۔ نوازشریف پہلے ہی دوسرے کیس میں جیل میں ہیں۔ضمانت منسوخی کی درخواست مسترد ہونے کا کوئی اثر نہیں۔ اتنا اچھا عدالتی فیصلہ آیا ہے کہ نظر ثانی پر نہیں جائیں گے،جے آئی ٹی کی سفارشات پر عمل کیلئے نیا بنچ نئے چیف جسٹس بنائیں گے۔ اثاثے جمع نہ کروانے پر6 وزراء کی اسمبلی رکنیت معطل ہے،نیب کے حوالے سے کہا گیا ہے دوبارہ نام ڈالنا ہے تو ڈال دیا جائیگا۔کمیٹی جونام نکالنے کی سفارش کرے گی انہیں بلا کرپوچھا بھی جائیگا،جے آئی ٹی رپورٹ میں سنگین جرائم کی نشاندہی ہوئی، نیب کو یہ ثبوت دیے جائیں گے اور وہ براہ راست ریفرنس دائر کریں گے۔ سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کا معاملہ نیب کوبھیجنے کا کہا ہے،سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے میں ابہام ہے۔ نیب کو2 ماہ میں تفتیش مکمل کرنے میں جے آئی ٹی بھی ساتھ دے گی۔مریم نواز کو خاتون ہونے کا فائدہ پہنچایا گیا جو کہ رحم کی ایک گراؤنڈ ہے ۔

مزید :

صفحہ اول -