کاکوڈکیت اور ظفری نقب زن گینگ کے 6ملزم گرفتار ، مال مسروقہ برآمد
لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)لاہور پولیس نے نقب زنی، ڈکیتی اورراہزنی کی وارداتوں میں ملوث کاکو اورظفری گینگ کے6ملزمان کو گرفتارکر لیا ۔ نقدی، طلائی زیورات، موبائل فونز ، موٹر سائیکلیں اور دیگر قیمتی اشیاء برآمد کر لی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی سی آئی اے اغوا برائے تاوان سیل طارق الیاس کیانی کی سربراہی میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد بنیا مین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ شب وروز کی محنت اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث 3ملزمان کامران عرف کاکو، اکرم عرف اکری اور اسلم عرف چھما کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی، موٹر سائیکلیں، دیگر قیمتی اشیاء اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ملزمان اپنے طریقہ واردات میں شہر کے مختلف علاقوں میں گھومتے رہتے اور موقع ملتے ہی گن پوائنٹ پر شہریوں سے نقدی، موبائل فونز، موٹر سائیکلیں اور دیگر قیمتی اشیاء چھین کر فرار ہو جاتے تھے۔ دوران تفتیش ملزموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی اورراہزنی کی متعدد مزید وارداتوں کا اعتراف کیا ہے ۔ ٹاؤن شپ انویسٹی گیشن پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمدشاہد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ شب وروز کی محنت اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے نقب زنی کی وارداتوں میں ملوث 3ملزمان ظفر اقبال عرف ظفری، قدرت اللہ عرف جمعہ اور محمدعرفان کو گرفتار کر کے ان سے ایک لاکھ35ہزار روپے نقدی، موبائل فونز اور دیگر قیمتی اشیاء برآمد کر لی ہیں۔ملزمان کی گرفتاری پر پولیس ٹیموں کیلئے تعریفی اسنادکا اعلان کیاہے۔