پنجاب کا نئیا بلدیاتی نظام صوبے کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا : علیم خان

پنجاب کا نئیا بلدیاتی نظام صوبے کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا : علیم خان

  

لاہور ( جنرل رپورٹر)سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے پنجاب کا نیا بلدیاتی نظام دو جہتی اور صوبے بھر کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا کیونکہ اس نظام میں ماضی کے تمام تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے ایسی ترجیحات کا تعین کیا جا رہا ہے جن سے لوگوں کو مقامی سطح پر زیادہ سے زیادہ اور تیز تر مسائل کے حل کی راہ متعین ہو سکے ، عوام کا بنیادی مسئلہ ترقیاتی کاموں کا نہ ہونا ہے اور پنجاب حکومت وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی اور بالخصوص کے پی کے کے بلدیاتی نظام کو سامنے رکھتے ہوئے ایسے ماڈل کا تعین کرنے جا رہی ہے جس میں گراس روٹ لیول تک ترقی و تبدیلی یقینی بنائی جائیگی ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے 90شاہرائے قائد اعظم پر منعقدہ بلدیات کے محکموں کے بین الصوبائی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا نئے بلدیاتی نظام میں منتخب اراکین کو مالیاتی اور انتظامی اعتبار سے با اختیار بنایا جا رہا ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ صوبہ کے پی کے میں پی ٹی آئی کو دوبارہ بھاری مینڈیٹ ملنے میں وہاں کے بلدیاتی سسٹم کا بڑا اہم کردار ہے ، اراکین اسمبلی کو اپنے اختیارات چھوڑنے پر قائل کریں گے اور تمام ترقیاتی منصوبے مقامی یونین کونسل یا تحصیل کی سطح پر مکمل کیے جائینگے ، پنجاب حکومت اپنے سالانہ ترقیاتی پروگرام کا 30فیصد منتخب اداروں کو منتقل کرے گی، صوبے بھر کے25ہزار دیہاتوں میں بیک وقت ترقیاتی منصوبوں کا آغاز پنجاب کو نئی جہت دے گا ، سینئر وزیر پنجاب نے بین الصوبائی کانفرنس کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ باہم صلاح مشورے اور ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو کر بلدیاتی نظام میں مزید بہتری لائی جا سکتی ہے، انہوں نے چاروں صوبوں کے سیکرٹری بلدیات پر مشتمل کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا جو آئندہ 2ماہ کے اندر اپنی سفارشات پیش کریگی جن کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا ۔ بلوچستان کے وزیر بلدیات محمد صالح بھوتانی نے کہا کہ بلدیاتی نظام کا دائرہ کار دو ر دراز کے اضلاع اور دیہاتوں تک ہونا چاہیے ، مقامی حکومتوں کا تصور دراصل عام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے ہے اور اس بین الصوبائی اجلاس کا انعقاد کا یہ انتہائی موضوع وقت ہے تاکہ نئے نظام سے پہلے صوبے باہم مشاورت کر سکیں ، کے پی کے کے وزیر بلدیات شاہرام خان ترکئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ لکھے ہوئے کتابی اختیارات کے مقابلے میں عملی طور پر صورتحال مختلف ہوتی ہے ، بلدیاتی ادارے جمہوریت کی نرسری ہیں اور صوبہ کے پی کے میں اکثر بلدیاتی نمائندے صوبائی اور قومی اسمبلی میں منتخب ہو کر آئے ہیں ،چاروں صوبوں سے لوکل کونسل ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا ،اجلاس کے اختتام پر سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے شرکاء میں شیلڈز تقسیم کیں، اورتمام شرکاء کے ہمراہ لاہور شہر کا دورہ کیا اور رات کو شاہی قلعہ میں اُن کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔

علیم خان

Back

مزید :

صفحہ آخر -