پاکستان اور نائیجیریا کو مشترکہ تجارتی منصوبوں پر توجہ دینا ہو گی‘ ہائی کمشنر

پاکستان اور نائیجیریا کو مشترکہ تجارتی منصوبوں پر توجہ دینا ہو گی‘ ہائی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


فیصل آباد (بیورورپورٹ) پاکستان اور نائیجیریا کو دو طرفہ تجارت بڑھانے کیلئے مشترکہ منصوبوں پر توجہ دینا ہو گی۔ یہ بات پاکستان میں نائیجیریا کے ہائی کمشنر ریٹائرڈ میجر جنرل اشیمیو ادیبو نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے اعداد وشمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں ملکوں کی معیشت کو یکساں نوعیت کے مسائل درپیش ہیں اس لئے حکومتوں کے علاوہ ان ملکوں کی تاجر اور صنعتکار برادری پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ان سے فائدہ اٹھانے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں ۔ انہوں نے بتایا کہ نائیجیریا میں ٹیرف ریٹ 11.3فیصد ہے جبکہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو یکساں سہولتیں مہیا کی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی معیشت میں تیزی سے صنعتوں کا کردار بڑھ رہا ہے انہوں نے اقوام متحدہ کی فوڈ اور زراعت بارے تنظیموں کے حوالے سے بتایا کہ پاکستان چاول پیدا کرنے والا تیرہواں بڑا ملک ہے جبکہ گندم ، کپاس ، کماد ، آم ، کھجور اور کینو کے سلسلہ میں بھی اس کا شمار دنیا کے دس بڑے ملکوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے برعکس نائیجیریا تیل اور گیس کی دولت سے مالا مال ہے لیکن ہم ابھی تک بڑی مقدار میں خام تیل برآمد کر رہے ہیں جبکہ ہمیں اس سلسلہ میں ریفائنری لگانے کیلئے پاکستان سمیت دیگر ملکوں کی مدد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نائیجیریا کا شمار پام آئل پیدا کرنے والے بڑے ملکوں میں بھی ہوتا ہے جبکہ پاکستان کو اس شعبہ میں بھی سرمایہ کاری کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سرمایہ کار اپنے ملک کی خوردنی تیل کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے نائیجیریا میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ اسی طرح پاکستان کو گیس کی تقسیم کے شعبہ میں کافی تجربہ ہے.
اور وہ نائیجیریا کے لوگوں کو گھریلو استعمال کیلئے گیس کی فراہمی میں بھی ہماری مدد کر سکتا ہے۔ ٹیکسٹائل کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ نائیجیریاکا شمار بھی کپاس پیدا کرنے والے ملکوں میں ہوتا ہے اس لئے پاکستان کے ویلیو ایڈڈ شعبہ کو نائیجیریا میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے چاہیں تاکہ ان سے دونوں ملکوں کے لوگ فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ٹیکسٹائل کی درآمدات پر صرف 20فیصد ڈیوٹی ہے جو انتہائی کم ہے اس لئے پاکستانی برآمد کنندگا نائیجیریا کو ٹیکسٹائل کی مصنوعات بھی برآمد کر سکتے ہیں۔ انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دی جانے والی مراعات کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ 24سے 48گھنٹوں میں کمپنیوں کی رجسٹریشن کا طریقہ کار شروع کیا گیا ہے جبکہ بینکوں کی ادائیگی بھی انتہائی آسان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زراعت کے شعبہ پر پانچ سال کیلئے ٹیکس ہالی ڈے ہے جبکہ پٹرول اور کیمیکل کمپنیوں کو مکمل طور پر ٹیکس سے چھوٹ دی گئی ہے۔ میجر جنرل(ر) اشیمیو ادیبو نے بتایا کہ پاکستان اور نائیجیریا کو غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے یکساں چیلنجز کا سامنا ہے۔ دونوں ملک اس وقت ریل ، سڑکوں اور بجلی گھروں کی تعمیر سمیت دیگر بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے کوشاں ہے اور اس سلسلہ میں دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے تجربے اور فاضل وسائل سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ اس سے قبل خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر سید ضیاء علمدار حسین نے بتایا کہ پاکستان بنیادی طور پر زرعی ، صنعتی اور تجارتی ملک ہے جبکہ فیصل آباد کو اس کی ترقی یافتہ ٹیکسٹائل کی صنعت کی وجہ سے دنیا کے مانچسٹر کے طور پر جانا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد میں دنیا کی سب سے بڑی جرابیں بنانے والی فیکٹری کے علاوہ رائس مل، تیل اور کیمیکل کی صنعتیں بھی ہیں۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم کا ذکر کیا اور کہا کہ یہ نہ ہونے کے برابر ہے اس لئے دونوں ملکوں کو اس میں اضافہ کیلئے مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے اس سلسلہ میں تجویز دی کہ دو طرفہ تجارت بڑھانے کی ابتداء فیصل آباد سے ٹیکسٹائل کی برآمدات سے شروع کی جاتی ہے تاہم اس مقصد کیلئے ٹیکسٹائل کی مصنوعات پر عائد ڈیوٹیوں کو کم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوڈ پروسیسنگ میں بھی دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں تاہم ان سے فائدہ اٹھانے کیلئے دونوں ملکوں کے تاجروں کے درمیان براہ راست رابطوں کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر فیصل آباد کے بارے میں ایک جامع دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی جبکہ سوال و جواب کی نشست میں کاشف ضیاء، انجینئر احمد حسن اور سیکرٹری جنرل عابد مسعود نے حصہ لیا۔ نائیجیریا کے ہائی کمشنر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے جبکہ صدر سید ضیاء علمدار حسین نے سابق صدور اور ایگزیکٹو ممبران کے ہمراہ میجرجنرل(ر) اشیمیو کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔ جواباً نائیجیریا کے ہائی کمشنر نے بھی صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کو شیلڈ پیش کی ۔بعد میں میجر جنرل (ر ) اشیمیو ادیبو اور چانسری ہیڈ ابراہیم ایم سمیع کو فیصل آباد چیمبر کی خصوصی پن بھی لگائی گئیں۔

مزید :

کامرس -