انجمن تاجر ان لاہور کے عہدے داروں کی تقریب حلف برداری
لاہور( نیوز رپورٹر)آ ل پاکستان انجمن تاجر ان لاہور کے عہدے داروں کی تقریب حلف برداری کے بعد نو منتخب عہدے داروں کو مبارکباد وں کا سلسلہ جاری ہے اس حوالے سے ان سے امید کی جارہی ہے کہ وہ شہر میں تاجروں کے مسائل کے حل کے لئے بھرپور اقدامات بروئے کار لائیں گے اور ملک کی ترقی میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیں گے ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے آل پاکستان انجمن تاجران کے عہدیداروں وقار احمد میاں نے چیئرمین،عاصم شفیق شیخ نے سنیئر وائس چیئرمین ،ملک امانت نے صدر،ملک کلیم نے جنرل سیکرٹری،عبدالودود علوی نے آرگنائزر،آغا عدنان نے چیف کوارڈی نیٹر،عظیم سیٹھی نے وائس چیئرمین،عظمت شاہ نے سنیئر نائب صدر ،ملک محمد نعیم ،لالہ یاسر،ظفر سعید،رانا سلیم اورذوالفقار علی نے نائب صدر،حافظ رضوان بٹ نے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری، ملک طاہر نے ڈپٹی جنرل سیکرٹری،ملک فاروق حفیظ نے سیکرٹری اطلاعات و نشریات،صدام اطہر خان نے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ،شیخ عرفان اقبال نے فنانس سیکرٹری اور شیخ اسرار نے رابطہ سیکرٹری سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔
آل پاکستان انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری نعیم میر نے مزید کہا ہے کہ صوبہ بھر میں تجاوزات ہٹانے کے نام پر آپریشن ہورہا ہے اس میں بے شمار خامیاں اور تاجر برادری کو اس پر شدید تحفظات ہیں، ہم تاجروفد کے ساتھ اس معاملے پر آپ سے ملاقات بھی کریں گے ۔ ایف بی آر کی وجہ سے بھی تاجر برادری بہت پریشان ہے اوردھڑا دھڑ تاجروں کو نوٹس جاری کرکے، چھاپے مارکر خوف و ہراس پھیلایا ہوا ہے، ہمیں صوبہ بھر سے تاجروں کے مسائل سننے کو ملتے ہیں، تاجروں کے صبرکا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے، مہنگائی کی شرح ساڑھے چھ فیصد یعنی دگنا ہوچکی ہے، تاجروں کے پاس ورکنگ کیپٹل کی شارٹیج ہے، ڈالر کی قیمت بڑھ رہی ہے، ایکسپورٹ کم ہورہی ہیں، حکومت وقت کا تاجر برادری کے ساتھ موثر رابطہ رہنا اشد ضروری ہے، نعیم میر نے کہاکہ ہم توقع کرتے ہیں کہ صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال جس طرح اپنے ووٹرز کیلئے چوبیسوں گھنٹے کوشاں رہتے ہیں اسی طرح صوبہ بھر کے تاجروں کے مسائل کے حل کے لئے بھی کوشاں رہیں گے،ہمارے ساتھ مکمل تعاون کریں ، ہم نے اپنے مسائل آپ کو بتانے ہیں اور آپ نے ہی ان کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ تاجر حکومت کے ساتھ افہام وتفہیم کے ساتھ مل بیٹھ کر مسائل حل کرنا چاہتے ہیں لیکن حالات جس نہج پر جارہے ہیں شاید ہماری حکومت کے ساتھ مل بیٹھ کر معاملات حل کرنے کی خواہش ہمارے اپنے بھی قابو میں نہ رہے، اور ہمیں نہ چاہتے ہوئے بھی مظاہرین کے ساتھ شامل ہونا پڑے۔ انہوں نے کہاکہ شہر کی تمام تاجر تنظیموں اورچیمبر کی ہمیں حمایت حاصل ہے، جلد صوبے بھر کی تاجر تنظیموں کا کنونشن لاہور میں منعقد کیاجائیگا جس میں ہزاروں تاجر نمائندے شریک ہوں گے۔ میری ان تاجر تنظیموں سے بھی درخواست ہے جو اپنی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بناکر بیٹھی ہیں، ہمارے لئے تمام آپ کی تنظیمیں قابل اعتماد ہیں ہم بھی آپ کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں لیکن ہمارا مطالبہ ہے کہ تاجر وں کے مفاد میں ہمارے ساتھ مل کر مشترکہ جدوجہد کریں تاکہ ہم تاجروں کے مسائل حل کراسکیں۔