صنعتوں کو گیس کی فراہمی فی الفور بحال کی جائے: لاہور چیمبر

صنعتوں کو گیس کی فراہمی فی الفور بحال کی جائے: لاہور چیمبر

  

لاہور(نیوز رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے صنعتوں کو گیس کی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے صنعتی پیداوار، جی ڈی پی متاثر ہوگا اور ہزاروں افراد کا روزگار داؤ پر لگ جائے گا لہذا انڈسٹری کو فی الفور گیس کی سپلائی بحال کی جائے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر اور سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر نے کہا کہ گیس کی بندش سے صرف صنعتوں ہی کو نہیں بلکہ حکومت کو بھی محاصل کی مد میں بھاری نقصان ہوگا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ گیس بند ہونے کے بعد صنعتکار اپنا مارک اپ اور دیگر واجبات کیسے ادا کریں گے؟ دنیا بھر میں صنعتی شعبے کو بہت اہمیت دی جاتی ہے جبکہ پاکستان میں صورتحال اس کے برعکس ہے۔

پنجاب میں تقریبا چالیس فیصد صنعتی یونٹس گیس پر چلتے ہیں جنہیں گیس کی سپلائی روکنے کا مطلب تقریباً آدھی صنعت کا پہیہ روکنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے برآمدات کا فروغ ناگزیر ہے لیکن صنعتوں کو جب گیس ہی میسر نہیں ہوگی تو وہ اپنے برآمدی آرڈرز کس طرح پورے کر پائیں گی، نتیجہ مجموعی قومی برآمدات میں کمی کی صورت میں برآمد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال سے مقامی و غیرملکی سرمایہ کاری کی صورتحال پر بھی بہت منفی اثرات مرتب ہونگے، بالخصوص غیرملکی سرمایہ کاروں کو بہت منفی پیغام ملے گا اور وہ پاکستان میں سرمایہ کاری سے گریز کریں گے۔انہوں نے کہا کہ صرف گیس کی بندش ہی نہیں بلکہ اس کی غیر منظم سپلائی بھی بہت بڑا مسئلہ ہے جسے ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہوگا۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے حکومت پر زور دیا کہ گیس کی سپلائی کے سلسلے میں وہ فوری طور پر اپنی ترجیحات از سر نو متعین کرے ۔

مزید :

کامرس -