موبائل ایکٹی ویشن کی ڈیڈ لائن تاریخ میں توسیع کی جائے‘ بابرمحمود
لاہور (نیوزرپورٹر) آل پاکستان موبائل فون ایسوسی ایشن کے صدر بابر محمود نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے حکومت پاکستان پر زور دیا ہے کہ حکومت نے واضح پالیسی اور موبائل فونز پرڈیوٹی کا تعین کرنے سے قبل ہی موبائل ایکٹویشن کی ڈیڈ لائن بذریعہ نوٹیفکیشن از مورخہ 15 جنوری 2018ء ختم کر دی، جس سے تاجروں میں شدید بے چینی کی لہر ہے۔ اس سلسلہ میں حکومت پاکستان سے درخواست ہے کہ جب تک واضح پالیسی کا اعلان اور ڈیوٹی کا تعین نہیں کیا جاتا ہے، ڈیڈ لائن میں توسیع کی جائے، انہوں نے مزید کہا کہ موبائل فون انڈسٹری اس وقت شدید مندی کا شکار ہے۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ موبائل ایمپورٹ کے لئے پی ٹی اے کی ٹائپ اپروول شرط کو ختم کیا جائے، مزید جی ایس ایم میں اپرووڈ آئی ایم ای آئی شرائط کے مطابق ہر تاجر کو موبائل ایمپورٹ کرنے کی اجازت دی جائے، کی پیڈ پر فکس ڈیوٹی تین سو روپے مقرر کی جائے اور اینڈرائیڈ موبائل سیٹ پر تین طرح کی کیٹگری کی روشنی میں فکس ڈیوٹی کا تعین کیا جائے تا کہ تاجروں کے لئے مشکلات کی بجائے آسانیاں پیدا کی جا سکیں۔