نوجوانوں کوکاروبار کیلئے قرضوں سے صنعتی شعبہ ترقی کریگا‘ وسیم حسن
لاہور ( نیوز رپورٹر)انجمن تاجران لوہا مارکیٹ شہید گنج (لنڈا بازار)لاہورکے نائب صدرراجہ وسیم حسن نے پنجاب کی نئی انڈسٹری پالیسی میں نوجوانوں کو کاروبار کیلئے 30لاکھ تک کے قرضوں کی فراہمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے صنعتی شعبہ میں پڑھے لکھے افراد کی شمولیت سے کاروباری شعبہ ترقی کرے گا ،انڈسٹریل سیکٹر قومی معیشت کے فروغ میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے ،کاروبار کے رقم کی فراہمی سے پڑھے لکھے نوجوانوں کی شمولیت خوش آئند ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید گنج کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر نئی انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام سے نئی صنعتوں کے قیام سے پنجاب میں سرمایہ کاری بڑھے گی اور لاکھوں نوجوانوں کو اپنے کاروبار کے ساتھ ساتھ پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار کے وافر مواقع بھی دستیاب ہونگے ۔
راجہ وسیم حسن نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے خاتون کو90فیصد اور مرد کو 80فیصد سرمایہ ساڑھے تین فیصد مارک اپ پر فراہمی سے پڑھے لکھے نوجوانوں کو اپنے کاروبار کے مواقع فراہم ہونگے ۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ، ملکی پیداوار بڑھانے اور پنجاب بھر میں نئے اقتصادی زونز میں نئی صنعتوں کے قیام پر توجہ دی جائے نیز کاروباری لاگت میں کمی لائی جائے، خام مال پر ریگولیٹری ڈیوٹی کا خاتمہ کیا جائے تاکہ حکومت کا صنعتی ترقی کا ویژن پورا ہوسکے اور ملک معاشی طور پر مستحکم ہوسکے ۔نیز ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں میں کمی کرکے نہ صرف مقامی صنعتوں کو ریلیف دیا جاسکتا ہے بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاری کا ماحول بھی بہتر بنایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سرمایہ کاری کا فروغ ناگزیر ہے۔پنجاب حکومت کے اقدامات سے صنعتی شعبہ میں انقلاب برپا ہوگا۔