پانی کا غیرقانونی استعمال ، سروس سیٹشنوں، شادی ہالوں اور ہوٹلوں کیخلاف آپریشن ، 31سروس سیشن سیل

پانی کا غیرقانونی استعمال ، سروس سیٹشنوں، شادی ہالوں اور ہوٹلوں کیخلاف ...

  

پشاور( سٹی رپورٹر) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے ضلعی انتظامیہ کی مدد سے چاروں زونز میں پانی کے غیر قانونی استعمال پر سروس سٹیشنوں، شادی ہالوں اور ہوٹلوں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے 31 سروس سٹیشنوں کو سیل کر دیا اور انہیں تین دن کے اندر اندر این او سی حاصل کرنے کی مہلت دے دی، علاوہ ازیں 60 سے زائد سروس سٹیشنوں، شادی ہالوں اور ہوٹلوں کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے تین دنوں کے اندر اندررجسٹریشن کرانے کی ہدایت کر دی بصورت دیگر لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی، آپریشن کے دوران تین دکانداروں کو سڑکوں پر گندگی پھینکنے پر جرمانہ بھی کیا گیا۔ آپریشن کی نگرانی ڈبلیو ایس ایس پی کے زونل منیجرز انجینئر فخر عالم، انجینئر تراب شاہ اور ڈبلیو ایس ایس پی فوکل پرسن برائے ریونیو جہانگیر خٹک جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز شہباز خٹک، ہمایون خان، نادر خان، ثمن عباس نے کی۔ ڈبلیو ایس ایس پی نے چند روز قبل سروس سٹیشن، ہوٹلوں اور شادی ہالوں کے مالکان کو نوٹس جاری کئے تھے جن میں انہیں زیر زمین اور سرکاری ٹیوب ویل کے پانی کے استعمال کے لئے این او سی حاصل کرنے اور رجسٹریشن کی ہدایت کی تھی۔آپریشن حیات آباد فیز تھری چوک، بورڈ بازاز، یونیورسٹی روڈ، تہکال، گلبرک، کوہاٹ روڈ، نوتھیہ، باڑہ روڈ،نواں کلے، عمر گل روڈ اور دیگر علاقوں میں کیا گیا، جن سٹیشنوں وغیرہ کو نوٹس جاری کئے گئے تھے زیر زمین پانی نکالنے کے لئے این او سی حاصل نہ کرنے 31 کو سیل کر دیا گیا جبکہ تقریباً دو درجن مالکان نے تین دنوں کے اندر اندر رجسٹریشن پر رضا مندی ظاہر کر دی جس پر انہیں مہلت دے دی گئی۔ آپریشن کے دوران مزید 60 سروس سٹیشنوں، ہوٹلوں اور شادی ہالوں کو نوٹس جاری کئے گئے جس میں انہیں تین دن میں ڈبلیو ایس ایس پی سے این او سی حاصل کرنے اور رجسٹریشن کی ہدایت کی گئی۔ ڈبلیو ایس ایس پی انتظامیہ نے سٹیشن، ہوٹل اور شادی ہال مالکان کو متنبہ کیا ہے کہ مقررہ مدت میں این او سی حاصل کرے بصورت دیگر کارروائی کی جائے گی، رجسٹریشن اور این او سی کے حصول میں صارفین کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں گی ۔ سی ای او ڈبلیو ایس ایس پی انجنئیر خانزیب خان نے کہا کہ نادہندگان کے ساتھ مذید نرمی نہی برتی جائیگی اور اس ضمن میں زونل منیجرز کو ریکوری میں بہتری کے لیئے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا میونسپل خدمات میں مذید بہتری لانے او ر کمپنی کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لیئے نادہندگان کے خلاف آپریشن ناگزیر تھا انہوں نے کہا کہ شہری خدمات کی مد میں ڈبلیو ایس ایس پی نے کم سے کم 330روپے ماہوار گھریلو صارفین کے لئے اور 5500 ماہوار سروس سٹیشنز اور شادی ہالوں کے لیئے رکھے ہیں جو کہ فراہم کردہ سہولیات کی مد میں نہایت مناسب چارجز ہیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -