’’میرا حلقہ ‘‘ کے نام سے جلد سٹیزن ایپ متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے،کامران بنگش

’’میرا حلقہ ‘‘ کے نام سے جلد سٹیزن ایپ متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے،کامران ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے عوام سے باہمی روابط تیز تر اور آسان بنانے اور انکے مسائل سے بر وقت آگاہی حاصل کرنے کے لئے ’’میرا حلقہ ‘‘ کے نام سے جلد سٹیزن ایپ متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مذکورہ سٹیزن ایپ کے ذریعے اُن کے حلقے کے عوام بطور ایم پی اے ان سے اپنے مسائل کے ازالے کے لئے براہ راست رابطہ کر سکیں گے۔ سٹیزن ایپ کا قیام آخری مراحل میں ہے جس کو عوام کی سہولت کے لئے جلد فعال کیا جائے گا۔ اس بات کا انکشاف وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے جمعرات کے روز اپنے حلقے پی کے 77پشاور کے مختلف علاقوں سے آتے ہوئے عمائدین پر مشتمل وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی سر براہی سابق رکن صوبائی اسمبلی حاجی اورنگزیب کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر ذیشان اعوان ، اسفند یار اور پی ٹی آئی کے دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔ معاون خصوصی کو حلقے کے عمائدین نے پی کے 77 کے متعدد علاقوں میں صحت ، تعلیم، بجلی، گیس اور دیگر شعبوں سے متعلق بنیادی عوامی مسائل سے آگاہ کیا اور انکے حل کے لئے ان سے تعاون چاہی۔ اس موقع پر معاون خصوصی نے متعلقہ حکام کو اپنے حلقے کے عوام کو درپیش متعدد عوامی نوعیت کے مسائل کے بر وقت حل کے لئے احکامات بھی صادر کئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد عوامی مسائل کا ازالہ کرنا ہے کیونکہ عوام نے ہمیں ووٹ اپنے درپیش مشکلات کے خاتمے کے لئے دیا ہے لٰہذا اس سلسلے میں وہ اپنی طرف سے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔