سابق حکومت نے عوام کو دھوکہ میں رکھا ، ملکی بقاء کیلئے کرپشن سئے جنگ لڑ رہے ہیں : شاہ محمود قریشی

سابق حکومت نے عوام کو دھوکہ میں رکھا ، ملکی بقاء کیلئے کرپشن سئے جنگ لڑ رہے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان‘میلسی ( سپیشل رپورٹر‘ نمائندہ پاکستان )وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ سابقہ حکومت نے عوام کودھوکے میں رکھا ہوا تھا۔ سابقہ حکومت کے پہلے5ماہ ہماری حکومت کے پہلے5ماہ سے زیادہ بدتر تھے۔ملکی بقاء کیلئے کرپشن سے جنگ کررہے ہیں اور ملک کو صحیح راستے پر گامزن کررہے ہیں۔ عوام کے مسائل جلد حل ہونگے۔ قوم ہمارا ساتھ دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روکھچی ہاؤس میلسی میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی اور رکن قومی اسمبلی اورنگزیب خان کھچی کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت اور رسم چہلم میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا سابقہ ادوار میں ملک کو خارجی سطح پر تنہا کیا گیا۔ چار سال تک پاکستان کا کوئی وزیر خارجہ نہیں تھا۔ملک پر الزامات لگتے رہے۔ لیکن عالمی سطح پر ان الزامات کا جواب دینے والا کوئی نہ تھا۔ تحریک انصاف خارجہ پالیسی کی اہمیت کو اچھی طرح سے سمجھتی ہے۔ ہماری خارجہ پالیسی کی بدولت ہمسائے ممالک سے تعلقات بتدریج بہتر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کا مفاد اور خطے میں امن کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔ افغانستان میں امن کے قیام کیلئے ثالثی کا کردار ادا کررہے ہیں۔ افغانستان میں امن ہوگا تو خطے میں ترقی آئیگی۔انہوں نے کہا ہمیں جب اقتدار ملاتو ملکی معیشت نہایت کمزور تھی۔ہم نے خارجہ پالیسی کے ساتھ اکنامک ڈپلومیسی کا بھی آغاز کیا ہے ۔ جس کے تحت بیرون ملک میں تمام فارن مشنز کو ہدایت جاری کی ہیں کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کی جائے۔ بیرون ملک سے جتنی زیاد سرمایہ کاری ہوگی ملکی معیشت اتنی مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا ہمارے اقدامات کی بدولت ملکی معیشت بھی مضبوط ہو رہی ہے۔ عوام کو آئندہ چند دنوں میں مثبت تبدیلی محسوس ہوگی۔ انہوں نے کہا عوام نے تحریک انصاف کو بھرپور مینڈیٹ دیا ہے ۔ عوامی مینڈیٹ کا احترام کریں گے اور عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ قبل ازیں مخدوم شاہ محمود قریشی نے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب کھچی اور رکن قومی اسمبلی اورنگزیب خان کھچی کی والدہ کی رسم چہلم میں شرکت کی اور دعا کروائی۔ صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک اور پی ٹی آئی رہنما خالد جاوید وڑائچ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیر خارجہ