کراچی، کے الیکٹرک سہولت کیمپس کا انعقاد ،9600 میٹرز کی تنصیب مکمل
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کے الیکٹرک کی بجلی چوری اور نادہندگان کیخلاف بڑے پیمانے پر جاری مہم کے تسلسل میں پاور یوٹیلیٹی نے 30 مختلف علاقوں سمیت کراچی کے متعددمقامات پر 9600 میٹرز نصب کر دئیے ہیں۔پاور یوٹیلیٹی کی جانب سے رہائشیوں کو نئے کنکشنوں کیلئے درخواست دینے اور فاسٹ ٹریک پروسیسنگ اور آسان دستاویزی ضروریات کی بدولت قانونی میٹر کنکشن کے ذریعے اپنی بجلی ریگولرائز کرانے کیلئے سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔کل تنصیب شدہ میٹرز میں سے 6500کم قیمت میٹرز نصب کئے گئے ہیں جن میں سے کورنگی میں 1900، گڈاپ میں 1100اور اورنگی میں 750میٹرز کی تنصیب مکمل کی جاچکی ہے ۔اس کے علاوہ، بن قاسم، ملیر، جوہر اور بلدیہ کے رہائشیوں کیلئے ہزاروں میٹرز نصب کیے جا چکے ہیں ۔اس کے ساتھ ساتھ، کے الیکٹرک نے بجلی چوری کیخلاف مہم بھی تیز کر دی ہے اورمیانوالی کالونی، فردوس کالونی سمیت نارتھ ناظم آباد، بہادرآباد، بلدیہ، گارڈن اور کورنگی کے علاقوں سے بھی ہزاروں غیر قانونی کنکشنز ہٹائے جا چکے ہیں۔ کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق،’’ہزاروں کی تعداد میں لوگ شہر بھر میں قائم کے الیکٹرک سہولت کیمپس پر رابطہ کررہے ہیں اور 20جنوری کے بعد شروع ہونے والے کریک ڈاؤن سے قبل نئے کنکشنزکیلئے درخواست جمع کرا ئی گئی ہیں۔ہم بھاری واجبات اور ریگولر کنکشن استعمال نہ کرنے والے تمام صارفین پر زور دیتے ہیں کہ وہ جلد از جلد کے الیکٹرک کے مختلف ٹچ پوائنٹس بشمول 118کانٹیکٹ سینٹر، فیس بک اور ٹوئٹریا کے الیکٹرک سہولت کیمپس اور کسٹمر کیئر سینٹرز سے رابطہ کریں۔‘‘