عوامی مفدات کا ہر صورت میں تحفظ کرینگے : مشتاق احمد غنی

عوامی مفدات کا ہر صورت میں تحفظ کرینگے : مشتاق احمد غنی

  

پشاور(سٹاف رپورٹر) ہزارہ ڈویژن میں گیس کی ناروا اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی طر ف اہم پیش رفت ،سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی مشتاق احمد غنی اور ممبرقومی اسمبلی علی خان جدون کی وفاقی وزیر پٹرولیم چودہدری سرورسے ہزارہ ڈویژن میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور اس کے تدارک کے سلسلے میں اہم ملاقات ہوئی ۔سپیکر مشتاق غنی اور ایم این اے علی خان جدون نے وفاقی وزیر پٹرولیم کو ایبٹ آباد اور باقی ہزارہ ڈویژن میں گیس کی بدترین اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے بارے میں اپنے تحفظات سے اگاہ کیا ۔ اس موقعے پر وفاقی وزیر برائے پٹرولیم نے ریجنل مینیجر سوئی ناردرن گیس ایبٹ آباد اور منیجنگ ڈائریکٹر سوئی ناردرن گیس کو فوری ہدایات جاری کی کہ پورے ہزارہ ڈویژن کو گیس کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور بلاتعطل گیس کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے ۔سپیکرصوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی نے وفاقی وزیر پٹرولیم کا فوری ایکشن لینے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انشااللہ ہزارہ ڈویژن کے عوام کو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے نجات مل جائے گی ۔اس موقع پر سپیکر مشتاق احمد غنی نے کہا کہ وہ ہر صورت میں اپنے عوام کے مفادات کا تحفظ کریں گے اور عوام کو سہولت دینے اور ان کی مشکلات کو کم کرنے کی خاطرکوئی دقیقہ فردگزاشت نہیں کرینگے ۔انہوں نے مزید کہاکہ وہ اس ضمن میں کسی بھی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کرینگے نہ ہی ہزارہ ڈویژن میں گیس کی غیر اعلانیہ اور ناروا لوڈشیڈنگ کی مزیداجازت دینگے ۔عوام نے ہم پر بھر وسہ کیا ہے اس کو کسی بھی صورت میں ٹھیس نہیں پہنچنے دیں گے۔انہوں نے وفاقی وزیر پٹرولیم کے توسط سے گیس حکام پر واضح کیا کہ جو کوئی بھی تعمیراتی وترقیاتی کام ہورہے ہیں ان کو جلد ازجلد نمٹالیں مگراس دوران عوام کو گیس کی سہولت ملتی رہنی چاہیئے ۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -