گورنمنٹ کالج کوہاٹ ریجن کا اہم تعلیمی ادارہ ہے ،ضیاء اللہ بنگش

گورنمنٹ کالج کوہاٹ ریجن کا اہم تعلیمی ادارہ ہے ،ضیاء اللہ بنگش

  

کوہاٹ (بیورو رپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخو کے مشیر برائے تعلیم ضیا ء اللہ خان بنگش نے جمعرات کے روز گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کوہاٹ میں 5 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کردہ نئے بی ایس اکیڈمک بلاک کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔اس موقع پر کالج کے پرنسپل ظفر اللہ خان وزیر ،پی ٹی آئی کوہاٹ ریجن کے رہنما ء ملک عاطف ،ڈسٹرکٹ کونسلر کرامت اللہ شاہ ،فیکلٹی ممبرز اورطلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔مشیر تعلیم نے مذکورہ کالج کوصوبے کے پہلے گورنمنٹ بی ایس یونیورسٹی کادرجہ دینے کے مطالبے پرکہا کہ وہ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے ساتھ بات کریں گے اوران کی پوری کوشش ہو ں گی کہ اس کالج کو بی ایس یونیورسٹی کا درجہ ملے۔انہوں نے طلبہ کے سٹڈی ٹور کے لئے گیس رائلٹی فنڈ جبکہ کالج کی خوبصورتی کے لئے صوبائی فنڈ سے 20,20 لاکھ روپے کا اعلان کیا۔انہوں نے کالج کے گراؤنڈز کی بہتری اورآئی ٹی بلاک کی تعمیر کے ساتھ ساتھ سپاسنامے میں پیش کردہ تمام مسائل کے حل کی بھی یقینی دہانی کرائی ۔ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ بلا شعبہ گورنمنٹ کالج کوہاٹ اس ریجن کا اہم تعلیمی ادار ہ ہے اوراس نے ہر شعبے میں باصلاحیت افراد پیدا کئے ہیں لہٰذا ان کی خواہش ہے کہ یہ کالج پورے صوبے کو لیڈ کرے۔انہوں نے طلبہ پر زوردیا کہ وہ کالج میں نظم وضبط پر کاربند رہیں اور اپنے اساتذہ کا عزت واحترام کریں اوریہی ان کی کامیابی ہے۔ مشیر تعلیم نے کہا کہ کوہاٹ کے تمام میل اورفی میل ہائی سکولوں کو ہائیرسیکنڈری کا درجہ دینے کی منظوری دے دی گئی ہیں جس سے کوہاٹ کے کالجوں پر بوجھ کم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں پر عوام کا اعتماد حوصلہ افزا ء ہے اورانشاء اللہ خیبرپختونخواکے تعلیمی نظام کو پورے ملک کے لئے رول ماڈل بنائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ان کے محکمے نے پرائمر ی سطح سے بچوں کی تربیتی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ جب تک بچوں کی صحیح تربیت نہیں ہوگی تب تک معیاری تعلیم کا تصور بھی نہیں کیاجاسکتا ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ہرشعبے میں میرٹ کوعام کردیاہے اورانشاء اللہ موجودہ دور میں پچھلے دور سے ڈبل کام کرکے دکھائیں گے اورتبدیلی کا جوسفرشروع کیا ہے وہ مزید تیزی سے رواں دواں رہے گا۔قبل ازیں کالج کے پرنسپل نے مشیر موصوف کو کالج کے لائف ٹائم ممبر شپ کا اعزازی سرٹیفیکٹ بھی دیا۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -