قومی اسمبلی کا وہ حلقہ جہاں الیکشن کمیشن نے دوبارہ انتخابات کا حکم دیدیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ 91 سرگودھا کے 20 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم دے دیا، ان پولنگ سٹیشنز کے انتخابی تھیلوں کی سیلیں توڑی گئی تھیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامئے کے مطابق این اے 91 سرگودھا کے 20 پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ پولنگ 2 فروری کو ہوگی۔ اس کے لیے الیکشن کمیشن کے ڈائریکٹر پولیٹیکل فنانس علیم شہاب کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر مقرر کیا گیا ہے۔ اس حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے دوران انکشاف ہوا تھا کہ 20 پولنگ اسٹیشنز کے انتخابی مواد رکھنے والے تھیلوں کی سیلیں توڑ کر نئی لگائی گئی ہیں۔ جس سے خدشہ تھا کہ انتخابی ریکارڈ میں ردوبدل بھی کیا گیا ہوگا۔
دنیا نیوز کے مطابق انتخابی تھیلوں کی سلیں توڑے جانے کا معاملہ اٹھا ئے جانے کے بعد اس حلقے سے کامیاب امیدوار ن لیگ کے ذوالفقار بھٹی یہ معاملہ الیکشن کمیشن میں لے آئے۔ الیکشن کمیشن نے ذوالفقار بھٹی کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا ہے۔