ٹی وی ڈراموں میں لازوال اداکاری کرنے والے گلاب چانڈیو انتقال کر گئے

ٹی وی ڈراموں میں لازوال اداکاری کرنے والے گلاب چانڈیو انتقال کر گئے
 ٹی وی ڈراموں میں لازوال اداکاری کرنے والے گلاب چانڈیو انتقال کر گئے

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاکھوں لوگوں پر اپنی منفرد اور جاندار اداکاری سے انمٹ نقوش چھوڑنے والے ملک کے معروف اور سینئر ترین اداکار  گلاب چانڈیو کراچی کے نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے ،ان کی تدفین کل نواب شاہ میں کی جائے گی۔

نجی ٹی وی کے مطابق پاکستانی سندھی اور اردو  ڈراموں کے مشہور اداکار گلاب چانڈیو کافی عرصے سے علیل اور شوگر کے مرض میں مبتلا تھے ،اُنہیں 2 روز قبل  طبیعت زیادہ خراب ہونے پر نجی ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ آج خالق حقیقی سے جا ملے، گلاب چانڈیو کی عمر 60 برس تھی،ان کے انتقال کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پورے ملک میں پھیل گئی اور  لاکھوں مداحوں کو سوگوار کر گئی ۔گلاب چانڈیو کی نماز جنازہ اور  تدفین آبائی گاؤں نوابشاہ میں کی جائیگی۔ گلاب چانڈیو کے لواحقین میں دو بیٹے اور تین بیٹیاں ہیں۔اداکار گلاب چانڈیو  نے پی ٹی وی کے کراچی سینٹر سے نشر ہونے والےڈراموں سے شہرت حاصل کی،وہ عام طور پر ڈراموں میں منفی کردار ادا کرتے تھے اور اپنے مکالمات کی ادائیگی کی وجہ سے معروف تھے۔

گلاب چانڈیو نے سیاست کے میدان میں بھی قدم رکھا اور 2014 میں وہ پاکستان تحریک انصاف کا حصہ بن گئے تھے۔گلاب چانڈیو نے اپنے فنی کئریر کا آغاز 1980 میں ڈرامہ سیریل ”خان صاحب“ سے کیا،ان کی آخری فلم باکسر شاہ حسین کی زندگی پر بننے والی بائیو پک فلم”شاہ“تھی

انہوں نے سندھی اور اردو فلموں میں بھی کام کیا۔گلاب چانڈیو نے کئی سپر ہٹ ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جس میں ’نوری جام تماچی‘، ’چاند گرہن‘، ’ماروی‘، ’زہرباد‘، ’ساگر کا موتی‘ اور بیوفائیاں سمیت کئی یاد گار  ٹی وی سیریل شامل ہیں۔ گلاب چانڈیو کو ملک گیر شہرت ان کے ڈرامے ’نوری جام تماچی‘ سے ملی ،گلاب چانڈیو  اپنے بے ساختہ مکالموں کے باعث بھی مشہور تھے۔حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کے اعتراف میں انھیں 14 اگست 2015ءکو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔

 گورنر عمران اسماعیل  اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ممتاز اداکار گلاب چانڈیو کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلاب چانڈیو منجھے ہوئے اداکار تھے،ان کے انتقال سے سندھ ہی نہیں ملک بہترین اداکار سے محروم ہو گیا ہے ۔انہوں نے گلاب چانڈیو کی مغفرت اور ان کے لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

مزید :

تفریح -