اہم ترین وزیر نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، حکومت کا وجود خطرے میں پڑگیا

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) حکومت کی اہم اتحادی جماعت پاکستان مسلم لیگ(ق) کے ایم پی اے اور صوبائی وزیر معدنیات پنجاب حافظ عمار یاسر نے وزارت اور کام میں رکاوٹیں ڈالنے کا الزام عائد کرتے ہوئے وزارت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کو پہلا بڑا جھٹکا لگ گیا ہے اور اہم اتحادی جماعت پاکستان مسلم لیگ ق کے رکن اسمبلی اور صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے پنجاب حکومت کی بے جا مداخلت اور سرکاری کاموں میں رکاوٹیں ڈالنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اپنی وزارت سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔حافظ عمار یاسر نے اپنا استعفیٰ پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہٰی کو ارسال کردیا ہے۔ انہوں نے اپنے استعفے میں کہا ہے کہ وزارت کا عہدہ ملک و قوم کی خدمت کیلئے قبول کیا تھا لیکن کام کرنے نہیں دیا جا رہا اور بلا وجہ رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں، بے جا مداخلت کی وجہ سے ٹھیک سے کام نہیں کرپارہا تھا، کسی کے دباؤ میں کام کرنے کا عادی نہیں ہوں، وزارت کیلئے نام تجویز کرنے پر اپنی قیادت کا مشکور ہوں۔یاد رہے کہ حافظ عمار یاسر پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 24 تلہ گنگ چکوال سے پاکستان مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر عام انتخابات 2018 میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے تھے ،وہ اپنے علاقے میں ہر دلعزیز سمجھے جاتے ہیں ۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ ق مرکز اور پنجاب میں تحریک انصاف کی اتحادی جماعت ہے، گزشتہ دنوں فواد چوہدری کی جانب سے دیے جانے والے متنازعہ بیان کے باعث دونوں جماعتوں کے بیچ دراڑ پیدا ہوئی تھی ،اب حافظ عمار یاسر کا پنجاب حکومت سے الگ ہونے کا فیصلہ تحریک انصاف کے لئے بڑا جھٹکا تصور کیا جا رہا ہے ۔