وزیراعظم کا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق پامالیوں کی تحقیقات کیلئے کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ، اقوام متحدہ گستاخانہ خاکوں کو روکنے کیلئے کردار ادا کرے:عمران خان
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے کی جانے والی انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی تحقیقات کیلئے اقوام متحدہ کی سفارش کے مطابق فوری طور پر ایک انکوائری کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے یہ مطالبہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرنینڈا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی طرف مبذول کرائی۔ انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر نے جون 2018 میں جاری کی گئی اپنی رپورٹ میں ان پامالیوں کو اجاگر کیا تھا۔گستاخانہ خاکوں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے اربوں مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی کوششوں پر پاکستان کے عوام کے شدید غصے سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی صدر پرزور دیا کہ وہ ایسے کراہت آمیز کام کرنے والے عناصر کی روک تھام میں اپنا کردار ادا کریں۔ ملاقات کے دوران بین المذاہب ہم آہنگی، مفاہمت اور بات چیت کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر کی حکومت کے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے منصوبوں، بڑے پیمانے پر غربت کے خاتمے کے پروگرام کے آغاز، پچاس لاکھ رہائشی یونٹوں اور بلین ٹری، سونامی مہم بریفنگ دی۔جنرل اسمبلی کے صدر نے عوامی بھلائی پر مبنی ایجنڈے کے آغاز پر وزیراعظم کی تعریف کی۔انہوں نے افغانستان میں امن اور مصالحت کیلئے کوششیں کرنے اور لاکھوں افغان مہاجرین کو پناہ دینے پر پاکستان کی مثالی مہمان نوازی کی تعریف کی،ملاقات کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی بھی موجود تھیں۔ملاقات کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ماریا فرنینڈا کا وزیراعظم ہاوس میں استقبال کیا گیا۔ یو این جنرل اسمبلی کی صدر نے پسماندہ لوگوں کو بااختیار بنانے کے لیے وزیر اعظم کی کوششوں کو سراہا۔