سابقہ بیوی کو ہراساں کرنے پر ڈی آئی جی گلگت بلتستان کی برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری،صدر مملکت نے کشمالہ طارق کے فیصلے کی توثیق کر دی

سابقہ بیوی کو ہراساں کرنے پر ڈی آئی جی گلگت بلتستان کی برطرفی کا نوٹیفکیشن ...
سابقہ بیوی کو ہراساں کرنے پر ڈی آئی جی گلگت بلتستان کی برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری،صدر مملکت نے کشمالہ طارق کے فیصلے کی توثیق کر دی

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی محتسب کشمالہ طارق نے سابقہ بیوی کو ہراساں کرنے پر ڈی آئی جی گلگت بلتستان جنید ارشد کو ملازمت سے فارغ کردیا ،10 لاکھ روپے جرمانہ بھی دینا پڑے گا ،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کشمالہ طارق کے فیصلے کی توثیق کر دی تھی جبکہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے بھی ڈی آئی جی جنید ارشد کی برطرفی کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔

جنید ارشد کی سابقہ بیوی عائشہ سبحانی کی درخواست پر وفاقی محتسب برائے حقوق خواتین کشمالہ طارق نے فیصلہ سناتے ہوئے ڈی آئی جی کو ملازمت سے برطرف کرنے اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی، جس میں 5 لاکھ شکایت کنندہ کو بطور زر تلافی ادا کیے جائیں گے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی محتسب کے فیصلے کی توثیق کی تھی جب کہ ڈی آئی جی کی نظرثانی کی اپیل بھی مسترد کردی گئی تھی۔جنید ارشد کو 2010 میں منظور کیے گئے تحفظ خواتین ایکٹ کے تحت برطرف کیا گیا۔وفاقی محتسب کے فیصلے کے بعد سٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ڈی آئی جی جنید ارشد کی برطرفی کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔عائشہ سبحانی نے اپنے سابق شوہر کے خلاف وفاقی محتسب برائے حقوق خواتین کشمالہ طارق کے پاس  شکایت درج کروائی تھی۔واضح رہے کہ ستمبر 2018 میں سپریم کورٹ نے سابقہ اہلیہ کی نازیبا تصاویر سوشل میڈیا پر ڈالنے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران جنید ارشد کو فوری گرفتار کرنے اور ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا حکم دیا تھا۔عائشہ سبحانی نے سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کو معاملے سے متعلق درخواست دی تھی۔درخواست میں ان کا کہنا تھا کہ میرے سابق شوہر نے میری غیر اخلاقی تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیں، جبکہ ٹرائل کورٹ سے ضمانت خارج ہونے کے باوجود جنید ارشد کو گرفتار نہیں کیا گیا۔خیال رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)کے سائبر کرائم سیل نے ڈی آئی جی گلگت بلتستان جنید ارشد کے خلاف معاملے کا مقدمہ درج کیا تھا،مقدمے میں ان پر الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے اپنے دوست کے ساتھ مل کر اپنی سابقہ بیوی کو بلیک میل کیا اور ان کی نازیبا تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیں۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -