’آپ ایرانیوں کے دل میں خنجراتارنے کے لئے ساتھ کھڑے ہیں‘ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای اور ٹرمپ ٹویٹر پرآمنے سامنے آگئے

’آپ ایرانیوں کے دل میں خنجراتارنے کے لئے ساتھ کھڑے ہیں‘ایرانی سپریم لیڈر ...
’آپ ایرانیوں کے دل میں خنجراتارنے کے لئے ساتھ کھڑے ہیں‘ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای اور ٹرمپ ٹویٹر پرآمنے سامنے آگئے

  



واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای ٹویٹر پر آمنے سامنے آگئے۔سپریم لیڈر خامنہ ای اور امریکی صدر نے ایک دوسرے کے ٹویٹس پر براہ راست ردعمل دے دیا۔

11 جنوری کو ایرانی عوام کے حق میں لکھی گئی امریکی صدر ٹرمپ کی ایک ٹویٹ کو شیئر کرتے ہوئے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا کہ ’شر پسند امریکی حکومت کئی بار کہہ چکی ہے کہ وہ ایرانی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔وہ جھوٹ بولتے ہیں۔ اگر آپ ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں تو صرف اس لئے تاکہ آپ ان کے دلوں میں زہریلے خنجر اتار سکیں۔تاہم یقینی طور پر آپ اس کوشش میں ناکام ہوچکے ہیں۔اور آپ مسلسل ناکامی کا منہ دیکھتے رہیں گے۔‘

ایرانی لیڈر کے جواب پر جواب دینے کیلئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ٹویٹر کا سہارا لیااور کہا’ایران کے وہ معزز لوگ جو امریکا سے محبت کرتے ہیں، حق رکھتے ہیں کہ انہیں ایک ایسی حکومت ملے جو ان کے خوابوں کی تعبیر میں مدد دے نہ کہ انہیں عزت کے مطالبے پر قتل کرے۔ایران کو تباہ کرنے کے بجائے اس کے رہنما دہشت سے الگ ہوں اور ایک بار پھر ایران کو عظیم بنائیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو الفاظ کے چناؤ میں احتیاط برتنے کی تنبیہ دے دی۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کے سپریم لیڈر کو  کہا کہ ایران کی معیشت تباہ ہورہی ہے اور لوگ مشکلات کا شکار ہیں، ایرانی سپریم لیڈر الفاظ کےچناؤ میں احتیاط کریں۔

واضح رہے کہ عراق میں ایرانی جنرل کے امریکی فوج کے ہاتھوں قتل اور پھر عراق ہی میں سلیمانی کے قتل کے بدلے میں ایرانی فوج کی جانب سے امریکی فوجی اڈے پر بمباری کے بعد سے دونوں ممالک میں کشیدگی اپنے عروج پر ہے۔دونوں جانب سے تندو تیز بیانات کا سلسلہ جاری ہے اور دونوں ہی نے اپنی اپنی افواج کو ہائی الرٹ پر رکھا ہوا ہے۔

مزید : اہم خبریں /بین الاقوامی /عرب دنیا