قیادت کے ملک سے باہر بھاگ جانے پر رانا ثنا اللہ ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں،فردوس عاشق اعوا ن
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ ایک مرتبہ پھر قیادت کے ملک سے باہر بھاگ جانے پر رانا ثنا اللہ ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں۔رانا صاحب فرماتے ہیں کہ میاں صاحب اگر ہسپتال سے گھر جا سکتے ہیں تو ریستوران بھی جاسکتے ہیں۔ ان کا مطلب ہے کہ میاں صاحب تندرست ہیں اور ریستوران سے سیدھا جیل بھی جا سکتے ہیں۔
معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہاہے کہ رانا صاحب پہلے اندرونی لڑائی میں مبتلا اپنی قیادت کے مابین پارٹی میں مڈ ٹرم انتخابات کرائیں۔ آپ کی سیاسی ساکھ ختم اور قیادت سر پر پاو¿ں رکھ کر باہر بھاگ چکی ہے۔ جس مقدمہ میں آپ کو ضمانت ملی ہے اس کا ٹرائل ابھی باقی ہے، اس پر توجہ دیں۔
فردوس عاشق اعوان کا مزید کہناتھا کہ آپ حکومت کے بجائے اپنی قیادت پر برسیں جس نے اپنے کارکنوں کو پھر دھوکہ دیا اور ان کے اعتماد کا خون کیا ہے۔