"ہم یہ مطالبہ نہیں کررہے کہ اس شخص کو وزیراعلیٰ بنادیں لیکن عوام ہی انہیں وزیراعلیٰ بنانے کی خواہش کرتے ہیں" مسلم لیگ ق بالآخر دل کی بات زبان پر لے آئی

"ہم یہ مطالبہ نہیں کررہے کہ اس شخص کو وزیراعلیٰ بنادیں لیکن عوام ہی انہیں ...

  



کراچی(ویب ڈیسک)ق لیگ کے رہنما کامل علی آغا نے کہا کہ ہم یہ مطالبہ نہیں کررہے کہ چوہدری پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ بنادیں،عوام پرویز الٰہی کی کارکردگی یاد کر کے ہی انہیں وزیراعلیٰ بنانے کی خواہش کرتے ہیں، عثمان بزدار کی کارکردگی سے پنجاب میں کوئی بھی مطمئن نہیں ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں  گفتگو کرتے ہوئے کامل آغا نے کہا کہ پنجاب میں دو وزارتیں دی گئیں لیکن ہمارے وزیر بااختیار نہیں تھے، ہم جس کے دوست ہوتے اس کے ساتھ کوئی سازش نہیں کرتے، ہم ہمیشہ اپنے دوستوں کا ساتھ دیتے ہیں،حکومت کی ق لیگ سے حالیہ ملاقات ہماری وجہ سے نہیں، دوسری اتحادی جماعتوں کی ناراضگی کی وجہ سے ہوئی ق لیگ نے پہلے مرحلہ پر دو مطالبات کیے ہیں،پہلا ہمارے وزراءکو بااختیار کیا جائے اور مکمل آزادی کے ساتھ کام کرنے کاموقع دیا جائے، دوسرا ہمارے ارکان اسمبلی کو ڈویلپمنٹ کے فنڈز مختص کیے جائیں، حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی نیت پر ہمیں کوئی شک نہیں ہے ، عام آدمی کو ڈیلیور نہیں ہورہا، اس لئے پریشان ہیں، اتحادی ہونے کی حیثیت سے ق لیگ پر بھی ذمہ داری آتی ہے،حکومت کے خاتمے کی بات پرویز الٰہی نے نہیں مولانا فضل الرحمن نے کی تھی،مولانا فضل الرحمن کے ساتھ انڈراسٹینڈنگ آج بھی پرویز الٰہی کے پاس امانت ہے یہ وقت بتائے گا کہ وہ امانت کیا ہے ، ق لیگ کی قیادت نے مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیا، حکومت ایسا راستہ اختیار کرے جس سے عام آدمی کو فائدہ ہو عمران خان کے اتحادی ہونے کی وجہ سے عثمان بزدار سے تعاون کررہے ہیں، ق لیگ نے عثمان بزدار کی تبدیلی کا مطالبہ نہیں کیا صرف کارکردگی پر شکوہ کررہے ہیں،پی ٹی آئی میں فواد چوہدری اور دیگرلوگ عثمان بزدار کی تبدیلی کا مطالبہ کررہے ہیں۔

مزید : علاقائی /سندھ /کراچی