وزیراعظم کا فواد چودھری کے خط کا نوٹس ، حکم دیدیا

وزیراعظم کا فواد چودھری کے خط کا نوٹس ، حکم دیدیا
وزیراعظم کا فواد چودھری کے خط کا نوٹس ، حکم دیدیا

  



لاہور(ویب ڈیسک)وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فوادچوہدری نے پنجاب حکومت کی گورننس پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہاہے کہ بزدار حکومت سیاسی اورانتظامی کارکردگی نہیں دکھا رہی ‘و زرائے اعلیٰ خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں یہ عوامی مفاد کے خلاف ہے‘اضلاع کو فنڈز نہیں مل رہے‘پنجاب کی وجہ سے مرکزکو بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔

دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ماضی کی حکومت نے سرکاری خزانے کو مال مفت کی طرح خرچ کیا لیکن ہم سرکاری خزانے کو امانت سمجھتے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کی نشاندہی پرفوری نوٹس لیتے ہوئے پنجاب حکومت کو صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کے اجراءاور اضلاع کو فنڈز منتقل کرنے کا حکم دیاہے۔

تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں وزیراعلی عثمان بزدار اور پنجاب حکومت کی کارکردگی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اعتراض اٹھایا کہ پنجاب ڈلیور نہیں کر پا رہا جس کے باعث تحریک انصاف کو مجموعی طور پر دبا کا سامنا ہے‘پنجاب کے ڈلیور نہ کرنے سے عوامی اور سیاسی محاذ پر پی ٹی آئی کی کارکردگی پر تنقید ہو رہی ہے اور مرکز کو بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔فواد چوہدری نے کور کمیٹی اجلاس میں انکشاف کیا کہ پنجاب کا 350 ارب کا ترقیاتی بجٹ ہے جس میں سے صرف 77ارب روپے ریلیز ہوئے‘بزدار حکومت اضلاع کو صوبائی فنانس ایوارڈ بھی نہیں دے رہی۔صوبائی سطح پر کچھ ہو رہا ہے نہ اضلاع کو فنڈز منتقل ہو رہے ہیں۔

علاوہ ازیں ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ پنجاب حکومت کا نہیں وسائل کی تقسیم کا ہے۔وزرائے اعلی کے پاس صوابدیدی فنڈ ہونا آرٹیکل 140-A کی خلاف ورزی ہے، فارمولے کے تحت جیسے وفاق صوبوں میں فنڈز تقسیم کرتا ہے اسی طرح صوبائی سطح پر اضلاع میں فنڈز تقسیم ہونے چاہئیں، وزرائے اعلی خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں یہ عوامی مفاد کیخلاف ہے۔دریں اثناءفوادچوہدری نے عمران خان کو خط لکھ کر اہم معاملات پر نوٹس لینے کی اپیل کردی۔

فوادچوہدری نے آئین کے آرٹیکل 140 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر صوبہ آرٹیکل 140 اے کے تحت لوکل گورنمنٹ سسٹم، سیاسی ،انتظامی اورمالی ذمہ داریاں مقامی حکومتوں کومنتقل کرنے کا پابند ہے،لیکن صوبے مسلسل آئین کے آرٹیکل 140 کی خلاف ورزی کررہے ہیں اور اضلاع کی سطح پر فنڈز کی منتقلی نہیں کی جارہی۔ پنجاب میں شہبازشریف نے اپنے دور حکومت میں صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ نہیں دیا اور آرٹیکل 140 کی بھر پور خلاف ورزی کی لیکن بدقسمتی ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے بھی صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کاابھی تک اعلان نہیں کیا۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ عمران خان صاحب آپ ہمیشہ سے مضبوط لوکل گورنمنٹ سسٹم پر زور دیتے رہے ہیں مگر یہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کااجرا نہیں ہوگا۔آپ سے گزارش ہے کہ آرٹیکل 140 کی خلاف ورزی کانوٹس لیں اور صوبوں بالخصوص پنجاب کو صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کے اجرا کا حکم دیں۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور