”میں پاکستان اس لئے نہیں جا رہا کیونکہ۔۔۔“ مشفیق الرحیم نے دورہ پاکستان سے انکار کی ایسی وجہ بتا دی کہ پاکستانیوں کے غم و غصے میں اضافہ ہو جائے

”میں پاکستان اس لئے نہیں جا رہا کیونکہ۔۔۔“ مشفیق الرحیم نے دورہ پاکستان سے ...
”میں پاکستان اس لئے نہیں جا رہا کیونکہ۔۔۔“ مشفیق الرحیم نے دورہ پاکستان سے انکار کی ایسی وجہ بتا دی کہ پاکستانیوں کے غم و غصے میں اضافہ ہو جائے

  



ڈھاکہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز مشفیق الرحیم نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے اہل خانہ کو پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال سے خدشات تھے جنہیں دیکھتے ہوئے میں نے دورہ پاکستان سے انکار کیا۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان میں دوران تین ٹی 20، دو ٹیسٹ میچز اور ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلنا ہے اور یہ دورہ تین مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا۔ ڈھاکہ میں بنگلہ دیش پریمیر لیگ (بی پی ایل) کے فائنل میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشفیق الرحمان نے کہا کہ ”جیسا کہ میں پہلے بھی یہ کہہ چکا ہوں، میرے اہل خانہ کو پاکستان جانے پر اعتراض ہے اس لئے انہیں پریشانی میں رکھ کر پاکستان نہیں جا سکتا تھا۔“

انہوں نے کہا کہ ” ایسی کوئی وجہ نہیں جس کے باعث میں اپنا فیصلہ تبدیل کروں۔ میں پہلے ہی پاکستان جان سے انکار کر چکا ہوں اور بورڈ کو تحریری طور پر آگاہ بھی کر دیا ہے جس نے میری درخواست قبول کر لی ہے، اس لئے میں پاکستان کیخلاف سیریز کا حصہ نہیں بنوں گا۔ یہ میرے لئے ایک مشکل فیصلہ تھا لیکن سب کو یہ بھی سمجھنا چاہئے کہ میں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا حصہ بننے سے بھی صرف اس لئے انکار کیا ہے کہ یہ پاکستان میں کھیلی جائے گی، میرے اہل خانہ مجھے اجازت نہیں دے رہے، کرکٹ زندگی سے پہلے نہیں ہے۔“

مشفیق الرحیم کا کہنا تھا ”میں یہ بھی کہنا چاہوں گا کہ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے میں ابھی مزید دو سے تین سال انتظار کروں گا اور جب دیگر ٹیموں کو پاکستان جاتے دیکھوں گا تو مجھے اس سے مزید اعتماد ملے گا۔ میں 2008ءمیں پاکستان جا چکا ہوں اور یہ کرکٹ کھیلنے کیلئے ایک شاندار جگہ ہے، مستقبل میں اگر بہتر سیکیورٹی کی صورتحال میں تسلسل رہا تو پھر پاکستان نہ جانے کی کوئی وجہ نہیں ہو گی۔“

مزید : کھیل