وزیراعلیٰ پنجاب کا آرٹسٹ سپورٹ فنڈ مزید بڑھانے کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب کا آرٹسٹ سپورٹ فنڈ مزید بڑھانے کا اعلان
وزیراعلیٰ پنجاب کا آرٹسٹ سپورٹ فنڈ مزید بڑھانے کا اعلان

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے  آرٹسٹ سپورٹ فنڈ میں مزید اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہےکہ اس فنڈ کو مزید بڑھایا جائے گا اور آرٹسٹ سپورٹ فنڈ میں اضافہ آئندہ مالی سال سے کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نےآرٹسٹ سپورٹ فنڈ کے تحت مستحق فنکاروں میں مالی امداد کے چیک تقسیم کئے۔90شاہراہ قائداعظم پر منعقدہ تقریب کے دوران وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اداکارہ ہما ڈار، گلوکار ظہور احمد الیاس (سائیں ظہور)، اداکار محمد جاویدکوڈو اور اداکار ناصر شیرازی کو مالی امداد کے چیک دیئے۔ وزیراعلیٰ نے آرٹسٹ سپورٹ فنڈ میں مزید اضافے کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہاکہ اس فنڈ کو مزید بڑھایا جائے گا اور آرٹسٹ سپورٹ فنڈ میں اضافہ آئندہ مالی سال سے کیا جائے گا۔،ہم نے فنکار برداری سے کیا ہوا ایک اور وعدہ ایفا کر دیا ہے اور پنجاب حکومت نے آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کے تحت کروڑوں روپے جاری کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستحق فنکاروں کی مدد کرنا ہماری ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی، فن و ثقافت کے فروغ کیلئے آپ کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، کسی بھی ملک کے سافٹ امیج کو اجاگر کرنے میں فنکار کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستحق فنکاروں کو ماہانہ مالی امداد بھی دی جائے گی اور اس ضمن میں محکمہ اطلاعات و ثقافت نے مستحق فنکاروں کی فہرست مرتب کر لی ہے، مالی مشکلات کا شکار فنکاروں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،فنکاروں کی معاونت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس موقع پر فنکاروں نے مالی معاونت پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مشکل وقت میں مدد پر آپ کے شکرگزار ہیں۔ارکان صوبائی اسمبلی سعدیہ سہیل رانا، مسرت جمشید چیمہ، سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی پلاک، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل، ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل، ڈی جی پی آر اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور