تنقید برائے تنقید کرنیوالے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں،کسی کو عوامی مفادات پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دوں گا:سردار عثمان بزدار

تنقید برائے تنقید کرنیوالے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں،کسی کو عوامی مفادات پر ...
تنقید برائے تنقید کرنیوالے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں،کسی کو عوامی مفادات پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دوں گا:سردار عثمان بزدار

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سےوزیراعظم کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی  ملاقات،باہمی دلچسپی کےامور،سیاسی صورتحال اور ملکی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تنقید برائے تنقید کرنے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں اورایسے عناصر محض ذاتی مفادات کے ایجنڈے کو لیکر چل رہے ہیں لیکن ہمارا مقصد عوام کو ریلیف دینا اور ان کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں آٹے کی قیمتوں میں استحکام کیلئے ہرضروری اقدام اٹھایا ہے،گندم کاسرکاری کوٹہ اوپن مارکیٹ میں فروخت کرنے والی فلور ملوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے،آٹے کی قیمت میں اضافہ کسی صورت قابل قبو ل نہیں۔انہوں نے کہاکہ عوام کے حقوق کا نگہبان ہوں،کسی کو عوام کے مفادات پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دوں گا،پنجاب حکومت کے موثر اقدامات سے صوبہ بھر میں آٹامقرر کردہ قیمت پر وافر دستیاب ہے،فرائض سے غفلت برتنے پر محکمہ خوراک کے افسران کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ آٹے کی قیمتوں میں استحکام کے لئے ضروری انتظامی اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے،چکی مالکان کوبھی آٹے کی قیمت میں اضافے کی اجازت نہیں دیں گے،آٹے کی قیمت میں بلاجواز اضافہ کرنیوالوں کیخلاف قانون اپنا راستہ خود لے رہا ہے،پنجاب میں اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں،صوبے کے عوام کی خدمت کے سفر میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت نے آٹے کی مقرر قیمت پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے بروقت اقدامات کیے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے موثر اقدامات پر پنجاب حکومت کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب صوبے کو بہترین انداز سے چلا رہے ہیں،پاکستان تحریک انصاف کی ٹیم وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہے،وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے صوبے کے عوام کی خدمت کیلئے شاندار اقدامات کئے ہیں،وزیراعلیٰ عثمان بزار کی قیادت میں پنجاب حکومت نے مختصر عرصے میں ریکارڈ قانون سازی کر کے بے مثال کام کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کا بیانیہ بری طرح بے نقاب ہوچکا ہے اورسیاسی یتیم پاکستان کی سیاست سے آؤٹ ہوچکے ہیں،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان صرف دیانتداری اورایمانداری کی سیاست ہوگی۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور