وہ ملٹی نیشنل کمپنی جس نے پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری دوگنا کرنے کا اعلان کردیا

وہ ملٹی نیشنل کمپنی جس نے پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری دوگنا کرنے کا اعلان ...
وہ ملٹی نیشنل کمپنی جس نے پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری دوگنا کرنے کا اعلان کردیا

  



کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) یورپی ملک بیلجیئم سے تعلق رکھنے والی ملٹی نیشنل کمپنی اونٹیکس نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے 2 سے 3 سال میں پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کو دوگنا کردے گی۔ بچوں ، خواتین اور مردوں کیلئے ہائی جینک کیئر پراڈکٹس بنانے والی کمپنی پاکستان میں اپنی مجموعی سرمایہ کاری 20 ملین یورو تک بڑھانا چاہتی ہے۔

مشرقِ وسطیٰ کیلئے اونٹیکس کے نائب صدر پاول وربلیوڈینکو نے عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی نے 2011 میں جب پاکستان میں آپریشنز شروع کیے تو اس وقت 10 ملین یورو کی سرمایہ کاری کی تھی ، اب پاکستان میں مزید 10 ملین یورو کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہم پاکستان میں نئی پراڈکٹس ، ویئر ہاﺅسز، مارکیٹنگ اور ہیومن کیپٹل میں سرمایہ کاری کریں گے۔

پاکستان سمیت 18 ممالک میں کمپنی کے پروڈکشن یونٹس موجود ہیں اور یہ دنیا بھر کے 110 ممالک میں ایکسپورٹ کیے جاتے ہیں۔ اونٹیکس کے نائب صدر کا کہنا ہے کہ کمپنی پاکستان کو اپنا ایکسپورٹ سائن بورڈ بنانا چاہتی ہے تاکہ مشرقِ وسطیٰ کے ممالک میں برآمدات بڑھائی جاسکیں۔ ’ ہم پاکستان کے بارے میں بہت ہی سنجیدہ ہیں، ہم آئندہ چند سالوں میں اپنی پروڈکشن کو ڈبل اور پراڈکٹس میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں۔‘

مزید : بزنس