”میں بہت خوش ہوں کہ بابراعظم۔۔۔“ پہلی مرتبہ قومی ٹیم میں شامل ہونے والے احسان علی نے دلچسپ بات کہہ دی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) بنگلہ دیش کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے قومی سکواڈ میں جگہ بنانے واولے احسان علی پاکستانی ٹی 20 ٹیم کے کپتان بابراعظم کیساتھ کھیلنے کیلئے بہت خوش ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں جاری ٹریننگ کیمپ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسان علی نے کہا کہ بابراعظم بہت ہی مایہ ناز بلے باز ہیں اور ان کیساتھ اننگز اوپن کرنا بہت اعزاز اور فخر کی بات ہے۔ وہ اب ایک تجربہ کار سینئر کھلاڑی اور ٹی 20 ٹیم کے کپتان ہیں اس لئے ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔
25 سالہ احسان علی یہ موقع ہاتھ سے نہیں جانے دینا چاہتے اور ڈیبیو میچ میں ہی عمدہ کارکردگی کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کیلئے بے تاب ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا مقصد ٹیم میں شامل ہونا نہیں بلکہ موقع ملنے کی صورت میں اچھی کارکردگی دکھا کر مستقل جگہ بنانے کی کوشش کروں گا تاکہ ٹی 20 ورلڈکپ کھیل سکوں۔
قومی سکواڈ میں نام آنے کی خبر ملنے پر اپنے جذبات سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں ساری رات سو نہیں سکا حالانکہ اگلے روز ہمارا پریکٹس سیشن بھی تھا لیکن میرے دماغ میں صرف سکواڈ کا اعلان ہی چل رہا تھا اور جب سکواڈ کا اعلان ہوا تو اپنا نام دیکھ کر اتنی خوشی ہوئی جو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا۔