پنجاب پولیس کے 24 گھوڑے 47 لاکھ کا چارہ کھا گئے، ناقابل یقین خبر آگئی
فیصل آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) حکومت کے سادگی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، پنجاب پولیس نے فضول خرچی کا نیا ریکارڈ قائم کردیا، فیصل آباد میں افسر شاہی کو سلامی دینے کیلئے رکھے گئے 24 گھوڑوں کو 47 لاکھ روپے کا چارہ کھلا دیا۔
فیصل آباد میں افسر شاہی کو سلامی دینے کیلئے 24 گھوڑے پالے گئے ہیں، جنہیں پورے سال میں 2 سے 3 بار میدان میں لایا جاتا ہے اور پورا سال ان کا خرچہ اٹھایا جاتا ہے۔ افسر شاہی کی سلامی کیلئے رکھے گئے یہ 24 گھوڑے انتہائی ناز و نعم سے پالے جارہے ہیں، انہیں چارے کے طور پر سبز چارہ، دلیہ، چوکر اور ناریل کا تیل پیش کیا جاتا ہے۔
نجی ٹی وی 92 نیوز کے مطابق افسر شاہی کی سلامی کیلئے مخصوص یہ 24 گھوڑے سالانہ 47 لاکھ روپے کا چارہ کھاتے ہیں، ان کے چارہ کھانے پر تو کسی کو اعتراض نہیں ہوسکتا کہ یہ ان کا حق بنتا ہے لیکن انتہائی غریب ملک کی افسر شاہی کی سوچ پر حیرت ہوتی ہے کہ انہوں نے اپنے پروٹوکول کیلئے اتنے گھوڑے پال ہی کیوں رکھے ہیں؟۔