’جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے بھارتی اینالسٹ پاکستان کیوں نہیں آئے؟‘ پی سی بی حقیقت سامنے لے آیا

’جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے بھارتی اینالسٹ پاکستان کیوں نہیں آئے؟‘ پی سی بی ...
’جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے بھارتی اینالسٹ پاکستان کیوں نہیں آئے؟‘ پی سی بی حقیقت سامنے لے آیا
سورس: Twitter

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے خلاف جھوٹے پراپیگنڈے پر عمل پیرا بھارتی میڈیا نے اپنی سرشت برقرار رکھتے ہوئے جنوبی افریقی ٹیم کے پاکستان پہنچتے ہی پھر سے پراپیگنڈا شروع کردیا ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے حقیقت آشکار کر کے اس شرمناک پراپیگنڈے کو بے نقاب کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی سرگرمیاں ہر گزرتے دن کے ساتھ تیزی سے بحال ہو رہی ہیں اور اب سری لنکا، زمبابوے اور بنگلہ دیش کے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم بھی سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان آ گئی ہے لیکن بھارتی میڈیا کو یہ بات ہضم نہیں ہو رہی۔
جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم 14سال کے طویل عرصے کے بعد دورہ پاکستان پر دو ٹیسٹ اور تین ٹی20 میچوں کی سیریز کیلئے ہفتے کے روز کراچی پہنچی اور ٹیم کے پہنچنے کے ساتھ ہی بھارتی میڈیا نے روایتی ڈگر پر چلتے ہوئے منفی رپورٹنگ اور پراپیگنڈے کا سلسلہ شروع کردیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقی ٹیم کے پرفارمنس اینالسٹ پراسانا اگورام کو پاکستان نے ویزہ دینے سے انکار کردیا۔ رپورٹ کے مطابق ویزہ نہ ملنے کی وجہ سے اب جنوبی افریقی ٹیم کو دورے میں اپنے پرفارمنس اینالسٹ کی خدمات میسر نہیں ہوں گی اور وہ بنگلور میں اپنے گھر سے ہی خدمات انجام دیں گے۔
بھارتی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے پراسانا نے دعویٰ کیا کہ مجھے بتایا گیا کہ ہمیں پروٹوکولز سمجھنے کی ضرورت ہے، سابق زمبابوین کوچ لال چند راجپوت پاکستان کا سفر نہیں کر سکے، پاکستان کے امپائر علیم ڈار بھارت میں کام کے لیے نہیں آ سکے لہٰذا میں واحد فرد نہیں جس کے ساتھ ایسا ہوا ہو، میں اب بنگلور سے بہترین کام کی کوشش کروں گا لیکن یہ میری ٹیم کیلئے انتہائی مایوس کن امر ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے بھارتی میڈیا اور پرفارمنس اینالسٹ کی رپورٹس کو مسترد کردیا ہے۔ پی سی بی کے ترجمان سمیع برنی کے مطابق بھارتی میڈیا پراپیگنڈا کر رہا ہے کیونکہ پراسانا نے دورہ پاکستان سے پہلے ہی استعفیٰ دیدیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سیریز سے قبل مستعفی ہونے کی وجہ سے جنوبی کرکٹ حکام نے پراسانا کے ویزے کیلئے درخواست نہیں دی تھی۔
سمیع برنی نے کہا کہ جب جنوبی افریقہ کرکٹ حکام نے ویزہ کیلئے درخواست ہی نہیں دی تو پھر ہم اسے مسترد کیسے کر سکتے ہیں۔ کرکٹ ساﺅتھ افریقہ (سی ایس اے) نے بھی بھارتی میڈیا کی رپورٹس کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پراسانا کے معاہدے میں توسیع نہیں ہو گی۔ دوسری جانب کراچی میں موجود کرکٹ جنوبی افریقہ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ وہ پراسانا کے معاملے پر آگے کچھ نہیں کہیں گے۔
واضح رہے کہ اکتوبر میں زمبابوے کی ٹیم پاکستان کے دورے پر آئی تھی تو بھارت سے تعلق رکھنے والے ان کے کوچ نے پاکستان نہ آنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ہرارے میں پاکستانی سفارتخانے نے دورے کیلئے لال چند راجپوت کے ویزہ کا اجرا کردیا تھا لیکن بھارتی سفارتخانے نے زمبابوے کرکٹ کو خط لکھ کر دورے سے استثنیٰ کی درخواست کی تھی۔ زمبابوے کرکٹ نے بھارتی حکومت کی اس درخواست کو منظور کرتے ہوئے ہیڈ کوچ کو دورے سے استثنیٰ دے دیا۔

مزید :

کھیل -