فارن فنڈنگ کیس پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سکینڈل، اس کے خلاف کل الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کریں گے، مولانا فضل الرحمان

فارن فنڈنگ کیس پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سکینڈل، اس کے خلاف کل الیکشن ...
فارن فنڈنگ کیس پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سکینڈل، اس کے خلاف کل الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کریں گے، مولانا فضل الرحمان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ  (پی ڈی ایم ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ کل الیکشن کمیشن کے باہر فارن فنڈنگ کیس کیلئے احتجاج کیا جائے گا کیونکہ یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سکینڈل ہے جس کے پیسوں کو انتشار اور الیکشن میں دھاندلی کیلئے استعمال کیا گیا، 21 جنوری سے 27 فروری تک ملک بھر میں جلسے ہوں گے جس کے بعد اسلام آباد کی طرف مارچ کا فیصلہ کیا جائے گا۔

پی ڈی ایم کی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کل الیکشن کمیشن کے سامنے فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے بھرپور احتجاج کریں گے، یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سکینڈل ہے جس کا مرکزی ملزم عمران احمد نیازی ہے ۔ اس نے غیر قانونی طریقے سے پوری دنیا سے فنڈ اکٹھے کیے اور انہیں سیاسی انتشار اور دھاندلی کیلئے استعمال کیا۔ عمران نیازی نے مادر آف این آر او لے کر پاکستان  میں سیاسی عدم استحکام پیدا کیا اور چندوں کے نام پر حاصل کیے گئے فنڈز کو خفیہ اکاؤنٹس کے ذریعے ذاتی کاروبار اور انتشار پھیلانے کیلئے استعمال کیا جس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن سے یہ مطالبہ کرنے جائیں گے کہ جس جرم کا اعتراف ہوچکا ہے اس کا فوری فیصلہ سنایا جائے، مزید تاخیر سے شکوک و شبہات پیدا ہو رہے ہیں، قوم کو اس تذبذب سے نکالنے کیلئے اس پارٹی کی قیادت کے خلاف فیصلے میں تاخیر کیوں کی جا رہی ہے۔ ایک طرف تو الیکٹڈ وزیر اعظم کے خلاف چھ ماہ میں فیصلہ  سنادیا جاتا ہے لیکن دوسری جانب سلیکٹڈ کے خلاف کیس کا فیصلہ چھ سال سے نہیں سنایا جارہا۔

انہوں نے بتایا کہ آئندہ کے جلسوں کا شیڈول بھی طے کرلیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم نے 21 جنوری کو کراچی میں ’اسرائیل نامنظور ملین مارچ‘ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پانچ فروری کو پورے ملک میں کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا دن منایا جائے گا اور اس کے ساتھ ایک بڑا جلسہ راولپنڈی کے لیاقت باغ میں کیا جائے گا جس میں کشمیر کی سیاسی جماعتوں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے بتایا کہ نو فروری کو حیدر آباد ، 13 فروری کو سیالکوٹ ، 16 فروری کو پشین بلوچستان، 23 فروری کو سرگودھا اور 27 فروری کو خضدار میں ریلی اور جلسہ کیا جائے گا، اس کے بعد اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا فیصلہ ہوگا۔