ملک میں نظام میں تبدیلی کے فارمولوں کی پھڑ پھڑاہٹ سنی جا رہی ہے: احسن اقبال
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اندرا گاندھی طرز کی ایمرجنسی اور نظام کی تبدیلی کے فارمولوں کی پھڑپھڑاہٹ سنی جارہی ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک بیان میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دھاندلی زدہ الیکشن سےلائی گئی نااہل حکومت نے ملک کو مکمل طورپرتباہ کردیا ہے۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سابق بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی طرز کی ایمرجنسی اور نظام کی تبدیلی کے فارمولوں کی پھڑپھڑاہٹ سنی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ جون 1975 میں بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی کی حکومت نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ کانگریس سے تعلق رکھنے والی اندرا گاندھی جمہوری طریقے سے اقتدار میں آئی تھیں تاہم مبینہ طور پر مخالفین کو کچلنے کے لیے انہوں نے ایمرجنسی نافذکردی۔21 ماہ تک جاری رہنے والی ایمرجنسی میں بڑی تعداد میں گرفتاریاں ہوئیں اور اپوزیشن کے بھر پور احتجاج کے بعد بالاخر فروری 1977 میں ایمرجنسی کے خاتمے کا اعلان کیا گیاتھا۔