پولیس اہلکاروں پر حملہ ، اسلام آباد میں دہشتگردی کے واقعات شروع ہو گئے ہیں ، شیخ رشید
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں پر حملہ سگنل ہے کہ اسلام آباد میں دہشتگردی کے واقعات شروع ہو گئے ہیں ۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ دونوں دہشت گردوں تک پہنچ گئے ہیں ،موٹر سائیکل سے لوکیشن کا پتہ لگالیاہے ، مصریا ل کی لوکیشن آئی ہے ،یہ دہشت گردوں کا سلیپنگ سیل تھا۔
شیخ رشید نے کہا کہ پولیس اہلکاروں پر حملے کوئی چوری ڈکیتی کا معاملہ نہیں ہے ، سیکیورٹی فورسز اور ہمیں الرٹ رہنے کی ضرورت ہے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات اسلام آباد میں پولیس اہلکار ناکہ لگا کر چیکنگ کررہے تھے کہ اس دوران موٹرسائیکل سوار دو افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو انہوں نے فائرنگ کردی،جس سے تین پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔پولیس کی جوابی فائرنگ سے دونوں دہشت گرد مارے گئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی مزید نفری بھی موقع پر پہنچ گئی جس نے زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کیا جہاں ایک ہیڈ کانسٹیبل منور جام شہادت نوش کر گیا ۔
زخمی اہلکاروں امین اور راشد کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جارہی ہے۔واقعہ کے بعد آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس سینئر افسران کے ہمراہ ہسپتال پہنچ گئے اور زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ شہید اور غازی پولیس جوان ہمارا فخر ہیں۔