آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات ،سردار تنویر الیاس نے سیاسی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے کا اعلان کردیا

آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات ،سردار تنویر الیاس نے سیاسی جماعتوں کے ...
آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات ،سردار تنویر الیاس نے سیاسی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے کا اعلان کردیا

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) آزادجموں وکشمیر کے صدر اورموسٹ سینئر وزیر سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی تنظیم بلدیاتی الیکشن میں اترنے کے لیے تیار ہے، سیاسی جماعتوں اور لیڈرشپ کے طرف سے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے سامنے آنے والے تحفظات اور خدشات کا ہر ممکن ازالہ کیا جائے گا، تمام جائز مطالبات پر مشاورت کی جائے گی، پی ٹی آئی بلدیاتی الیکشن کو متنازعہ نہیں بنانا چاہتی بلکہ شفاف اور آزادانہ الیکشن چاہتی ہے، الیکشن میں 25 فیصد نمائندگی نوجوان,خواتین اور مردوں کو دی جائے گی جو سیاسی نظام کی جہت ہی بدل دیں گے,سیاست کے دروازے متوسط اور نچلے طبقے کے لیے بھی کھل جائیں گے, اس طرح آزادکشمیر کی سیاسی اور سماجی زندگی میں انقلاب برپا ہوجائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی کے مرکزی پبلک سیکریٹریٹ میں پارٹی کی مرکزی گورننگ باڈی کے اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سینئر نائب صدر چودھری ظفر انور،جنرل سیکرٹری راجہ منصور خان،ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردارمرتضی علی احمد، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار محمد اسرائیل خان قاضی، سیکرٹری مالیات ذوالفقار عباسی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود نے شرکت کی۔

گورننگ باڈی نے مقبوضہ کشمیر میں میڈیا کے خلاف انتقامی کارروئیوں اور سری نگر میں کشمیر پریس کلب کی بندش اور پولیس کے قبضے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے استبدادی ہتھکنڈے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد نہ کرسکیں گے۔ اجلاس میں کشمیری تنظیم ’دختران ملت‘ کی بانی رہنما اور’آئرن لیڈی آف کشمیر‘آسیہ اندرابی، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے رہنما اور بانی شبیر احمد شاہ اور جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما یاسین ملک، مسرت عالم بھٹ،نعیم خان اور دیگر کشمیری رہنماؤں کو بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں کوویڈ 19 وبائی امراض کے دوران قید رکھنے کے بھارتی اقدامات کو غیر انسانی قراردیا اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے مطالبہ کیا کہ وہ ان رہنماؤں کی رہائی کے لیے کردار ادا کریں۔

سردار تنویر الیاس نے کہا کہ پارٹی کے کارکن اس کا قیمتی اثاثہ ہیں, حکومت کے صوابدیدی عہدوں پر انہیں ایڈجسٹ کیا جائے گا,پارٹی ان کے حقوق کے لیے ہر سطح پر آواز اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی مظفرآباد اور اسلام آباد میں پارٹی کے دفاتر میں وہ کارکنان کے ملاقاتیں کریں اور انہیں ساتھ لے کر چلیں گے۔ 

 اجلاس میں پی ٹی آئی کے سیکرٹری مالیات سردار ذوالفقار عباسی نے جموں وکشمیر ہاؤس اسلام آباد میں انتظامیہ اور سیکورٹی اہلکاروں کی طرف سے ان کے ساتھ نازیبا سلوک پر متعلقہ اہلکاروں کے خلاف یقین دہانی کے باوجود کارروائی نہ ہونے پر استعفے پیش کیا جسے گورننگ باڈی نے متفقہ طور پر نامنظور کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ  اس واقعہ کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف حکام فوری طور پر تادیبی کارروائی کرکے پارٹی کو مطلع کریں۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -