عوامی فلاح کے اقدامات ،  چیف سیکرٹری پنجاب نےصوبہ بھر کےانتظامی افسران کو اہم ہدایات جاری کردیں

عوامی فلاح کے اقدامات ،  چیف سیکرٹری پنجاب نےصوبہ بھر کےانتظامی افسران کو ...
عوامی فلاح کے اقدامات ،  چیف سیکرٹری پنجاب نےصوبہ بھر کےانتظامی افسران کو اہم ہدایات جاری کردیں

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) چیف سیکرٹری پنجاب نے صوبہ میں عوامی فلاح کے اقدامات اٹھانے کیلئے تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو  ہدایات جاری کر دی ہیں۔تمام انتظامی افسران کو ہدایات ایک مراسلے کے ذریعے  جاری کی گئیں ہیں۔

 چیف سیکرٹری پنجاب کی  جانب  سے  جاری ہونے والےمراسلے کے مطابق تفویض کئے جانیوالے کاموں میں سے بہت سے کام جو ضلعی انتظامیہ پہلے ہی سر انجام دے رہی ہے ان پر پیش رفت کا ہر ہفتے باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔مراسلے میں کھلے مین ہولز پر ڈھکن لگوانے، غیر فعال سٹریٹ لائٹس کو فعال کرانے، روڈ کراسنگ کے دوران سکول کے بچوں کی حفاظت یقینی بنانے اور سرکاری اور نجی سکولوں میں روڈ کراسنگ کی نگرانی کیلئے ڈیوٹی ٹیچر مامور کرنے سے متعلق ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

مراسلے کے مطابق پرانے پلوں کا معائنہ کرنے اور انکی مرمت کرانے، سیوریج لائنوں اور نالوں کی صفائی کرانے،کوڑا کرکٹ اور کچرے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے، بس اڈوں پر صفائی ستھرائی یقینی بنانے، مسافروں کے بیٹھنے کا مناسب انتظام کرنے اور سرکاری عمارات کو رنگ روغن کرانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ گرین بیلٹس اور کھیل کے میدانوں کی مناسب دیکھ بھال کرنے، جہاں بل بورڈز لگانے کی اجازت ہو وہاں انکی حفاظت کو یقینی بنانے، وال چاکنگ کے خاتمے، پانی کی ٹینکیوں کی صفائی اور کلورینیشن کرانے اورکھڑے پانی کی نکاسی کا انتظام کرنے سے متعلق ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

مراسلے میں تمام ہسپتالوں، بی ایچ یوز اور آر ایچ سیز کی صفائی یقینی بنانے، مساجد کے آئمہ کرام اور سکولوں کے ہیڈ ماسٹرز کے ذریعے نماز جمعہ کے خطبے اور طلبہ کو لیکچر کے دوران صفائی کی اہمیت کو اجاگر کرنے، اوور لوڈنگ اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔شہری اور دیہی علاقوں کی سڑکوں پرپیچ ورک کرانے، ٹریفک میں رکاوٹ کا باعث بننے والے یوٹیلیٹی پولز کو نئی جگہ منتقل کرنے اوربجلی کی لٹکتی تاروں اور ٹرانسفارمرز کو ہٹانے سے متعلق بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -