سندھ حکومت نے خواجہ سراوں کو بڑی خوشخبری سنا دی 

سندھ حکومت نے خواجہ سراوں کو بڑی خوشخبری سنا دی 
سندھ حکومت نے خواجہ سراوں کو بڑی خوشخبری سنا دی 
سورس: File Photo

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ کابینہ نے سندھ سول سروسز ترمیمی بل 2021 ءکی منظوری دیتے ہوئے خواجہ سراو ں کو سرکاری ملازمتوں میں 0.5 فیصد کوٹہ مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے،  پینشن رولز میں ترمیم کی بھی منظوری دی ہے،کابینہ نے رینجرز کو تین ماہ کے لئے اختیارات میں توسیع کی بھی منظوری دے دی ہے ۔
 سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ سندھ کابینہ نے پنشنرز رولز میں ترامیم کی ہیں، جس کے تحت محکمہ خزانہ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ایسا نظام وضع کیا جائے، جس سے پینشن حاصل کرنے والوں کو بھی آسانیاں ہوں اور حکومت پر ہر سال اس پر بڑھنے والے بوجھ کو بھی کم کیا جاسکے، ہر سال پینشن کی مد میں سندھ حکومت پر بوجھ بڑھتا جارہا ہے اور اس حوالے سے کوئی پالیسی مرتب نہ کی گئی تو ایک وقت ایسا آسکتا ہے کہ ہمیں ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی بھی مشکل ہوجائے گی،کابینہ نے جوڈیشری کے لیے  35کروڑ روپے کی 152گاڑیاں خریدنے کی  منظوری دی ہے جبکہ کالج ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کو بھی گاڑیاں خریدنے کی منظوری دی ہے۔
 انہوں نے کہا کہ سندھ کابینہ نے سول سروینٹس رولز ترمیمی بل 2021ء کی منظوری دی ہے، جس کو جلد ہی اسمبلی سے منظور کرایا جائے گا، جس کے تحت اب سندھ حکومت کے محکموں میں خواجہ سراو ں کو نصف فیصد کوٹہ ہوگا،اس سے ان کو معاشرے میں عزت سے زندگی گزارنے کے مواقع میسر آئیں گے، پہلے بھی میرٹ پر صوبائی محکموں میں خواجہ سرا ملازمتیں کررہے ہیں، اب اس بل کی منظوری سے باقاعدہ ان کا نصف فیصد کوٹہ مختص ہوجائے گا۔
 سعید غنی نے ایک سوال پر کہا کہ کراچی کی امن کی بات کرنے والوں کو حقائق پر مبنی بات کرنا چاہیئے ،آج ایم کیو ایم سمیت دیگر سیاسی جماعتیں پیپلز پارٹی کے بغض میں اس طرح کی باتیں کررہی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افغانیوں کو مستقل ویزہ دینے کی بات نہیں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لانگ ٹرم ویزہ61ممالک کے شہریوں کی مستقل انویسٹمنٹ بنیاد پر مستقل ویزہ کی تجویز ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہر فرد کی خواہش ہے کہ حالات بہتر ہوں تا کہ پولیس کی ضرورت نہ رہے لیکن رینجرز کب جائے گی؟ اس کا مجھے علم نہیں۔ خرم شیر زمان کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کا تو چھ ہفتوں میں چل چلاو نظر آرہاہے، عمران خان کو رات کو نیند نہیں آرہی ہے تو اب ان کے شیرو کے الزامات کا کیا جواب دیا جائے؟۔