ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آسڑریلیا کیخلاف سیریز اور ۔قومی ٹیم کا اعلان کامران ، رزاق اور عمران نذیر کی واپسی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آسڑریلیا کیخلاف سیریز اور ۔قومی ٹیم کا اعلان کامران ، ...

  

 لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا میں ہونے والے ورلڈ کپ اور یو اے ای میں آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی سیریز کے لئے پاکستان کی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے پندرہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ،محمد حفیظ کو دسمبر 2012تک ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا ۔15رکنی اسکواڈ میں عمران نذیر ،کامران اکمل ،ناصر جمشید ،اسد شفیق اور عبدالرزاق کو شامل کرلیا گیا جبکہ خالد لطیف ،احمد شہزاد ،حارث سہیل ،حماد اعظم اور شکیل عنصر کو ڈراپ کردیا گیا ۔سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اقبال قاسم نے اراکین سلیکشن کمیٹی ،کپتان محمد حفیظ اور ہیڈ کوچ ڈیو واٹمور سے مشورہ کے بعد چیئرمین پی سی بی چوہدری ذکاءاشرف سے منظوری حاصل کرنے کے بعد ٹیم کا اعلان کیاگیا ۔اسکواڈ میں کپتان محمد حفیظ ،عمران نذیر ،ناصر جمشید ،اسد شفیق ،عمر اکمل ،شعیب ملک ،شاہد آفریدی ،عبدالرزاق ،یاسر عرفات ،سہیل تنویر ،عمر گل ،محمد سمیع ،سعید اجمل اور رضا حسن شامل ہیں ۔کامران اکمل کو پی سی بی کی انٹیگریٹی کمیٹی کی کلیئرنس کے بعد ٹیم میں شامل کیا گیا ۔کامران اکمل پاکستان کے مختلف ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ کے علاوہ بنگلہ دیش پریمئر لیگ میں بھی حصہ لے چکے ہیں ۔2010میں ہونے والے سپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد کامران اکمل پر بھی کڑی نظر رکھی جارہی تھی جبکہ کامران اکمل کا کہنا تھا کہ انہیں آئی سی سی کلیئر قرار دے چکی ہے اور ان کے خلاف کوئی انکوائری التواءمیں نہیں ہے ۔کامران کا کہنا تھا کہ وہ ہر قسم کی انکوائری کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہیں ۔کامران اکمل کو ورلڈ کپ 2011کے سیمی فائنل میں بری پرفارمنس کے بعد ٹیم سے ڈراپ کیا گیا تھا ۔ سیمی فائنل میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -