بنکاک آرٹس کونسل میں پاکستان کے عصری آرٹ کی نمائش
بنکاک (اے پی پی) پاکستان کے عصری آرٹ کی نمائش بنکاک آرٹس کونسل میں جاری ہے جس کا افتتاح تھائی لینڈ کے وزیر ثقافت سکومل کنپلو نے کیا۔ تقریب میں تھائی لینڈ میں پاکستان کے سفیر سہیل محمود، سفارتی حکام، تھائی لینڈ کے اعلیٰ افسران، آرٹس کے ماہرین اور پاکستانی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سات نوجوان پاکستانی آرٹسٹوں عدیلہ سلمان، نائزہ خان، عاطف خان، عبداﷲ سید، عائشہ درانی، عمران مدثر اور صبا خان کے فن پاروں کی نمائش کی گئی ہے۔ تھائی لینڈ کے وزیر ثقافت سکومل کنپلو نے کہا کہ نمائش پاکستانی ہم عصری آرٹ کو تھائی لینڈ میں متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کرے گی اور اس سے دونوں ملکوں کے ثقافتی حلقوں کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر سہیل محمود نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں بہتر تعلقات ہیں جنہیں مزید بہتر کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں خصوصاً آرٹ ایک ایسا شعبہ ہے جو دونوں اقوام کے عوامی سطح پر قریبی تعلقات کیلئے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔